گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) گوجرانوالہ میں جمہوریت پسند دلہن نکاح کے بعد وو ٹ کا سٹ کرنے کے بعد پیا گھر سدھار گئی۔ تفصیل کے مطابق رانا کالونی کی رہائشی کرن کی گزشتہ روز شادی تھی جس کی بارات لاہور سے آئی تھی تاہم لاہور کے رہائشی ارشد کے ساتھ نکاح کے بعد دلہن اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کیلئے سہیلی کے ساتھ پولنگ سٹیشن پہنچی، جہاں پر اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد سسرال جانے کیلئے روانہ ہو گئی۔ دلہن جب اپنا ووٹ کا سٹ کرنے کیلئے پولنگ سٹیشن پہنچی تو وہاں پر موجود خواتین اور عملے نے نئی نویلی دلہن کے اقدام کو سراہا اور اسے فوری طور پر ووٹ کی پرچی لیکر دی تاکہ دلہن جلد از جلد اپنا ووٹ کا سٹ کر سکے۔ نوائے وقت نیوز کے مطابق معمر اور معذور ووٹرز بھی ووٹ کاسٹ کرنے نکل پڑے۔ ایک بابا جی پولنگ سٹیشن ووٹ ڈالنے آئے تو خوشی سے بے قابو ہوکر بھنگڑا ڈالتے ہوئے ووٹ کاسٹ کیا۔