شہباز شریف بلدیاتی الیکشن میں امن کی صورتحال کی نگرانی کرتے رہے

Nov 20, 2015

لاہور(خصوصی رپورٹر)وزیراعلیٰ شہباز شریف کی زیرصدارت اجلاس میں پنجاب کے 9 ڈویژنوں میں سینٹرل بلڈ بینکس کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔ مرحلہ وار پروگرام کے تحت جسمانی معذوری کے شکار افراد کی بحالی کیلئے9سینٹرز بھی بنائے جائیں گے اور ان میں جدید سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ شہباز شریف نے خطاب میں کہا ہے کہ صحت کی معیاری سہولتوں تک رسائی عوام کا حق ہے اور حکومت انہیں یہ حق دے گی۔ پنجاب میں سینٹرلائزڈ بلڈ بینک سسٹم کے قیام کا منصوبہ صحت مند اور محفوظ خون کی فراہمی کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ 9ڈویژن میں سینٹرل بلڈ بینک سسٹم کا ادارہ جاتی میکانزم تیار کیا جائے۔ ملتان اور بہاولپور میں سینٹرل بلڈ بینکس کو جلد آپریشنل کرنے کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں۔آبادی اور رقبے کے لحاظ سے بڑے ڈویژنوں میں ایک سے زیادہ سینٹرل بلڈ بینک کے قیام کا جائزہ لینے کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ کمیٹی تمام ا مور کا جائزہ لے کر حتمی سفارشات مرتب کرے۔ معذوروںکیلئے بحالی سینٹرز کے قیام کے منصوبے پر تیزرفتاری سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ رجب طیب اردگان ہسپتال مظفر گڑھ میں جنوبی پنجاب کے عوام کو علاج معالجے کی بہترین اورجدید طبی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ ہسپتالوں میں غریب مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی پر اربوں روپے صرف کیے جارہے ہیں۔ علاوہ ازیں شہباز شریف بلدیاتی الیکشن کے دوسرے مرحلے میں امن عامہ کی فضا برقرار رکھنے کیلئے اقدامات کی رات گئے تک خود نگرانی کرتے رہے۔ وزیراعلیٰ نے اسلحہ کی نمائش اور اسلحہ ساتھ رکھنے پر پابندی کے فیصلے پر سختی سے عملدرآمد کرانے کیلئے ہدایات دیں، فائرنگ کرنیوالوں کیخلاف سخت ایکشن لینے اور خلاف ورزی پر بلاامتیاز کارروائی کے حوالے سے بھی ہدایات جاری کیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں جیت کی خوشی میں ہوائی فائرنگ کے واقعات کسی صورت برداشت نہیں کروں گا۔ شہباز شریف نے دوسرے مرحلے میں بلدیاتی الیکشن کے پرامن انعقاد پر انتظامیہ اور پولیس کو مبارکباد دی ہے۔
شہباز شریف

مزیدخبریں