جونیئر ایشیا ہاکی کپ: پاکستان چین کو شکست دیکرسیمی فائنل میں پہنچ گیا

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) 8 ویں جونیئر ایشیا کپ ہاکی ٹورنامنٹ کے ناک آؤٹ میچ میں پاکستان نے چین چار ایک سے شکست دیکر سیمی فائنل میں پہنچ گیا۔ ٹاپ فور ٹیموں میں شامل ہونے سے پاکستان ٹیم نے اگلے سال بھارت میں منعقد ہونے والے جونیئر ورلڈکپ کے لئے کوالیفائی کر لیا۔ پاکستان کی طرف سے شان ارشاد نے دو جبکہ مبشر علی اور ایم دلبر نے ایک گول سکور کیا۔ ملائیشیا کے شہر کنتین میں جاری ٹورنامنٹ میں گذشتہ روز پاکستان ٹیم نے چوتھے کوارٹر فائنل میں دونوں ٹیموں کے درمیان میچ شروع ہوا تو میچ کے 17 ویں منٹ میں چین کے لی مینگ نے گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی تاہم میچ کے 26 ویں منٹ میں پاکستان کو ملنے والے پنلٹی کارنر پر مبشر علی نے بال کو جال کی راہ دکھا کر مقابلہ ایک ایک گول سے برابر کر دیا۔ اگلے ہی منٹ میں پاکستان کی طرف سے شان ارشاد نے فیلڈ گول کر کے پاکستان کو ایک گول کی برتری دلا دی۔ پہلے ہاف کے خاتمے تک پاکستان کو دو ایک سے برتری حاصل تھی۔ دوسرے ہاف میں میچ کے 44 ویں منٹ میں پاکستان کی طرف سے شان ارشاد نے پاکستان کی طرف سے تیسرا جبکہ اپنا دوسرا گول کر کے میچ میں پاکستان ٹیم کو دو گول کی برتری دلا دی۔ میچ ختم ہونے سے تین منٹ قبل ایم دلبر نے فیلڈ گول کر کے پاکستان کی چین کے خلاف چار ایک سے کامیابی کو یقینی بنا دیا۔ اس سے قبل کھیلے جانے والے تین کوارٹر فائنلز میں کوریا نے میزبان ملائیشیا کو پنلٹی شوٹ آوٹ پر، جاپان نے بنگلہ دیش کو تین صفر سے جبکہ بھارت نے اومان کو 9-0 سے ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنائی۔ ٹورنامنٹ کے دونوں سیمی فائنل کل بروز ہفتہ کو کھیلے جائیں گے۔ پہلے سیمی فائنل میں بھارت کا مقابلہ جاپان سے جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان اور کوریا کی ٹیمیں مد مقابل ہونگی۔

ای پیپر دی نیشن