اسلام آباد + لاہور (سپیشل رپورٹ+ خبر نگار+ نوائے وقت رپورٹ+ بی بی سی) پاک فوج نے لائن آف کنٹرول پر پاکستانی مورچوں کی جاسوسی کیلئے آنے والے بھارتی ڈرون کو مار گرایا جبکہ دوسری طرف بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ سے کھوئی رٹہ سیکٹر میں 3 بہن بھائیوں سمیت 4 بچے شہید ہوگئے۔ بھارتی ڈرون رکھ چکری سیکٹر میں پاکستانی حدود میں داخل ہوا جسے آگاہی پوسٹ کے قریب گرایا گیا۔ ڈرون پاکستانی حدود میں 60 میٹر اندر تک گھس آیا تھا، پاک فوج نے ڈرون کا ملبہ قبضہ میں لے لیا۔ آگاہی پوسٹ کے جوانوں نے بھارتی کواڈ کاپٹر کو فائرنگ کر کے مار گرایا۔ واضح رہے گزشتہ روز بھارتی آبدوز کو بھی پاک بحریہ نے مار بھگایا تھا۔ قبل ازیں آئی ایس پی آر کے مطابق کھوئی رٹہ سیکٹر میں بھارت کی بلا اشتعال فائرنگ سے 8 سالہ شازیہ، 16 سالہ شہزاد، 4 سالہ ریبہ اور 7 سالہ فائزہ شہید ہوگئے۔ پاک افواج نے دشمن کی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔ علاوہ ازیں میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی نے پاک بحریہ کیساتھ ملکر سمندری نگرانی مزید سخت کردی۔ میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے مشرقی سمندری سرحد پر کارروائی کرتے ہوئے 45 بھارتی باشندے گرفتار اور متعدد کشتیاں پکڑ لیں، تمام کشتیاں اور گرفتار بھارتی ماہی گیر کراچی منتقل کردئیے گئے جہاں حساس ادارے تفتیش کریں گے۔ بھارتی اشتعال انگیزی سے سرحدی علاقے میں سخت خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ بھارتی فوج نے بھمبر سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی جس پر پاک فوج مؤثر انداز میں جوابی کارروائی کرتے ہوئے بھارتی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔ بھارتی فوج نے بھمبر سیکٹر کے علاقوں ٹانڈر اور بروہ میں بلااشتعال فائرنگ کرتے ہوئے شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ بھارتی فوج نے ایل او سی کے سیکٹر ہٹیاں بالا، چکوٹھی اور وادی کھیلانا پر بھی بلااشتعال فائرنگ کی اور شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔ بھارتی فوج کی فائرنگ کے باعث ہٹیاں بالا، چکوٹھی اور وادی کھیلانا کے تعلیمی ادارے بند کردئیے گئے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارتی فائرنگ سے بچوںکی شہادت قابل مذمت ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے کہا ہے کہ بھارت کنٹرول لائن اور ورکنگ بائونڈری پر کشیدگی بڑھا کر عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ کشمیر میں اپنے مظالم سے ہٹانے کی کوشش کررہا ہے۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کشمیر کے لوگ اپنے حق خودارادیت کے حصول کیلئے پرامن جدوجہد کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا مقبوضہ کشمیر میں جاری قتل عام اور بھارت کے انسانیت کیخلاف جرائم نے پوری دنیا کے ضمیر کو جھنجھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے کہا بھارت نے ہماری سمندری حدود کی خلاف ورزی کی کوشش کی ہے اور پاک بحریہ نے انہیں پسپا کر دیا۔ انہوں نے کہا پاکستان اپنی سمندری حدود کی خلاف ورزی کا معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھائے گا۔ ڈرون ہفتہ کی سہ پہر 4-45 پر گرایا گیا۔ دفاعی ماہرین کے مطابق یہ لائن آف کنٹرول پر پاکستان کی فوجی چوکیوں اور فوجی پوزیشن کے بارے میں معلومات جمع کرنے کے لیے بھیجا گیا تھا۔ وزیراعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلا اشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیر اعلی نے فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہونے والے چار بچوں کے لواحقین سے ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا ہے۔ وزیر اعلی شہباز شریف نے کہا ہے کہ بھارتی افواج کی جانب سے نہتے شہریوں اور معصوم بچوں کو نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت فعل ہے۔ بی بی سی کے مطابق بھارتی فوج نے ہفتہ کو بعد دوپہر ضلع کوٹلی کے کھوئی رٹہ سیکٹر میں شہری آبادی پر گولہ باری شروع کی، مارٹر اور آرٹلری کا استعمال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کچھ مارٹر گولے کھوئی رٹہ کے گاؤں کیری میں تین مکانوں پر گرے جس کے نتیجے میں ایک بھائی اور دو بہنیں اور ان کی ایک کزن ہلاک ہو گئیں جبکہ پانچ افراد زخمی ہو گئے۔ سماہنی سیکٹر میں اب تک چار افراد زخمی ہوئے ہیں۔