کراچی (این این آئی) کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں ہفتہ کو میئر کراچی وسیم اختر اور سابق وزیر داخلہ سندھ ڈاکٹرذوالفقار مرزا کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں میئر کراچی نے ذوالفقار مرزا سے کہا کہ ڈاکٹر صاحب جیل میں بڑی تکلیف ہے اور قیدی مشکلات کا شکار ہیں۔ سابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ اور سپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کو ان مشکلات سے آگاہ کیا ہے اور ان سے اپیل کی ہے کہ اس حوالے سے کچھ کیا جائے۔ وسیم اختر نے کہا کہ چیف سیکرٹری، سیکرٹری داخلہ اور پیپلز پارٹی کی حکومت کو اسکی کوئی فکر ہی نہیں ہے جس پر ڈاکٹر ذوالفقار مرزا نے کہا کہ جی بالکل کسی کو بھی کوئی فکر نہیں ہے۔