اسلام آباد (این این آئی) عام انتخابات 2018ء کیلئے الیکشن کمشن نے میڈیاکیلئے مجوزہ گائیڈ لائنز تیارکرلی گئی ہیں، ضابطہ اخلاق سے متعلق میڈیا نمائندوں اورتنظیموں کا اجلاس کل 21نومبر کو طلب کیا گیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق عام انتخابات 2018ء کیلئے الیکشن کمشن نے میڈیاکیلئے مجوزہ گائیڈ لائنز تیارکرلی گئی ہیں۔ ذرائع الیکشن کمشن کے مطابق میڈیا نمائندگان اور تنظیموں کی مشاورت سے ضابطہ اخلاق کو حتمی شکل دی جائیگی ٗ حتمی نتائج کے اعلان سے قبل میڈیا غیرحتمی نامکمل اور جزوی نتائج کہنے کا پابند ہوگا، نفرت اور تعصب پر مبنی تقاریر، انٹرویوز اور مواد کی نشرواشاعت سے گریزکیا جائیگا۔ نیوز، کرنٹ افیئر، انٹرویوز، ٹاک شوز میں جانبداری برتنے سے اجتناب کیا جائیگا۔ مجوزہ ضابطہ اخلاق کے مطابق الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا میں کسی امیدوارکی ذاتی زندگی کو اچھالا نہیں جائے گا، تمام سیاسی جماعتوں اور نمائندوں کو کوریج کے مساوی مواقع فراہم ہوں گے۔ سنسنی خیزی، افواہ اور مفروضوں پر مبنی خبروں سے اجتناب کیا جائیگا، ضابطہ اخلاق سے متعلق میڈیا نمائندوں اور تنظیموں کا اجلاس کل 21نومبر کو طلب کیا گیا ہے۔