کوئٹہ (بیورو رپورٹ) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنا اللہ زہری نے کہا ہے کہ وہ ملک و قوم کی خاطر انہیں بھی معاف کرنے کو تیار ہیں,جو ان کے بچوں سمیت کئی افراد کے قاتل ہیں۔ یورپ سمیت دیگر مغربی ممالک میں بیٹھ کر آزادی کے نعرے لگانے والوں کو عوام نے مسترد کردیا۔ انہوں نے یہ بات سوئی میں منعقدہ عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہی جلسے میں آنے والے شرکا اور ملٹری کالج سوئی میں یوم والدین سے خطاب کے دوران وزیر اعلٰی بلوچستان نواب ثنااللہ زہری نے ملٹری کالج سوئی کے کیڈٹس کے لئے بیس لاکھ روپے، پریڈ گراونڈ بنانے کے اعلان کے علاوہ ڈیرہ بگٹی ٹاون کے مکینوں کے لئے بیس کروڑ روپے کے لاگت سے نئی گیس پائپ لائن بچھانے کا بھی اعلان کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے دریحان کالونی میں سوئی نادرن گیس پائپ لائن کمپنی کی جانب سے مکینوں کے مکانات گرانے پر اپنی برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کمپنی انتظامیہ کی سرزنش کی۔ ملٹری کالج سوئی میں یوم والدین کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کمانڈر سدرن کمانڈ بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل عامر ریاض نے کیڈٹس کی شاندار کارکردگی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملٹری کالج سوئی ریگستان میں نخلستان کے مانند ہے اور ملٹری کالج سوئی سے نوجوانوں کی بڑی تعداد میں پاک فوج میں شمولیت باعث فخر ہے۔