چیئرمین سینٹ رضا ربانی نے کہا ہے کہ وفاق کا دارومدار جمہوریت پر ہے تاہم مفاد پرستی کی سیاست سے جمہوریت کو نقصان پہنچ رہا ہے ۔عوامی نیشنل پارٹی کے راہنما حاجی عدیل ( مرحوم ) کی رسم قل اور اہلخانہ سے تعزیت کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے پشاور میں گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین سینٹ نے کہا کہ وفاق کا وجود جمہوریت کی مرہون منت ہے جمہوریت کا قیام وفاق کے وجود کے لئے ناگزیر ہے ۔ جمہوریت کے نہ ہونے سے وفاق قائم نہیں رہ سکتا ۔ پی پی پی راہنما رضا ربانی نے کہا کہ ملک میں مفاد پرستی کی سیاست عروج پر ہے ذاتی مفادات کے لئے آئین و قانون کو روند کر شہریوں کے بنیادی حقوق غصب کئے جا رہے ہیں جمہوریت میں احتجاج ہر ایک کا حق ہے کسی شہری کو پرامن احتجاج کرنے سے نہیں روکا جا سکتا انہوں نے کہا کہ ایک جانب ملک میں جاری مفاد پرستی سے جمہوریت اور وفاق کو نقصان پہنچ رہا ہے تو دوسری جانب بھارت پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کی اپنے دیرینہ ایجنڈے پر عمل پیرا ہے بھارت آئے روز پاکستان میں دہشت گردی کر رہا ہے۔ چیئرمین سینٹ نے کہاکہ بھارت اور اسرائیل دونوں دہشتگرد ملک ہیں بھارت کشمیر اور اسرائیل فلسطین میں دہشتگردی کر رہے ہیں تاہم انسانی حقوق کی علمبردار تنظیموں نے کشمیر میں بھارتی مظالم پر ایک لفظ بھی نہیں بولا جو انتہائی قابل افسوس اور قابل مذمت ہے۔