لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک تحفظ حرمین الشرفین پاکستان کے امیر علامہ زبیر احمد ظہیر کی قیادت میں 10مذہبی جماعتوں نے ’’اسلامی جمہو ری اتحاد پاکستان‘‘ کے نام سے اتحاد قائم کر لیا جو باقاعدہ الیکشن کمشن میں رجسٹرڈ کروایا جائیگا جبکہ عام انتخابات میں بھی بھرپور حصہ لیا جائیگا‘ ملک میں قرآن وسنت کے نفاذ ‘ تحفظ ناموس رسالت‘ استحکام پاکستان‘ کرپشن کے خاتمے اور ملک کو دہشت گردی سمیت دیگر مسائل سے نجات دلانے کے ساتھ ساتھ افواج پاکستان سمیت تمام قومی اداروں کے تحفظ کیلئے ملک گیر تحریک شروع کرنے کا بھی اعلان کر دیا‘ سپریم کورٹ اور افواج پاکستان کے خلاف تنقید اور سازشیں بند نہ کرنے پر (ن) لیگی اور اسکی حکومت کے خلاف بھی احتجاج کی دھمکی دیدی۔ گزشتہ روز تحریک تحفظ حرمین الشرفین پاکستان کے مرکزی سیکرٹریٹ فردوس مارکیٹ میں ہونیوالے قومی اتحاد کنونشن میں‘ عالمی تحریک تحفظ حرمین الشرفین پاکستان کے امیر علامہ زبیر احمد ظہیر‘ عالمی مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے سر براہ مولانا محمد یزدانی‘‘ خاکسار تحریک کے حکیم عبد الماجد‘ اہلحدیث یوتھ فورس پاکستان کے سربراہ مولانا ذاکر رحمن صدیقی‘ اتحاد علمائ کونسل پاکستان کے سربراہ مفتی عاشق حسین شاہ ‘ شہریان پاکستان پارٹی کے سربراہ محمد شفیق قادری‘ مر کزی جماعت اہلحدیث پاکستان کے مر کزی صدر مولانا بشیر احمد سلفی ’جمعیت علمائ اہلسنت پاکستان کے سر براہ علامہ حسین احمد اعوان اور مجلس احرار اسلام پاکستان کے قائدین اور کارکنان شریک ہوئے جبکہ میاں محمد طاہر ‘میاں محمد اصغر ‘مولانا مقبول احمد سلفی ‘پروفیسر حافظ محمد نعیم ‘مولانا مشتاق احمد چیمہ ‘مولانا فیاض احمد سلفی اور مولانا قاری اکرام الٰہی ظہیر نے بھی اس موقعہ پر خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے جدوجہد آئین پاکستان کی حدود میں رہ کر کریں گے اور یہ اتحاد ملکی ‘ملی اور دینی مفاد میں دوسرے اتحادیوں اور مذہبی اورسیاسی جماعتوں سے تعاون کا آپشن بھی کھلا رکھا جائیگا۔
اتحاد
”اسلامی جمہوری اتحاد پاکستان“ کے نام سے 10مذہبی جماعتوں کا سیاسی اتحاد قائم
Nov 20, 2017