وزیراعظم کا دورہ کراچی گورنر ، وزیراعلٰی کی ملاقات ، سندھ کی ترقی وخوشحالی کیلئے وفاق کاتعاون جاری رہیگا : شاہد خاقان

Nov 20, 2017

کراچی ( اسٹا ف رپورٹر) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی دور روزہ دورہ پر اتوار کی شام کراچی پہنچے جہاں انہوں نے گورنر سندھ محمد زبیر اور وزیراعلیٰ مراد علی شاہ سے گورنر ہائوس میں ملاقات کی۔ملاقات میں صوبہ کی صورتحال،امن و امان ، وفاق کے تحت جاری منصوبوں میں ہونے والی پیش رفت، معاشی ، اقتصادی اور تجارتی سرگرمیوں سمیت اہمیت کے حامل دیگر امورپر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعظم پاکستان نے کہا کہ عوام کی جان و مان کا تحفظ اور انھیں ہر قسم کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے ، وفاق پورے ملک کی یکساں ترقی کے وڑن پر گامزن ہے اس ضمن میں عوام کی زیادہ سے زیادہ شمولیت کو بھی یقینی بنایا جارہا ہے کیونکہ جدید دور کی معیاری سہولیات عوام کا بنیادی حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کی معاشی شہ رگ ہے جس کی ترقی وخوشحالی کے اثرات پورے ملک پر مرتب ہو تے ہیں ، امن و امان کے قیام میں پاک فوج ، رینجرز ، پولیس ، قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں اور عوام نے بے پناہ قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا جسے کسی صورت بھی رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا ،کراچی میںدیر پاامن و امان کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ حکومت کو اقتدار سنبھالتے وقت دو بڑے چیلنجز امن و امان ابتر صورتحال اور بجلی کا سنگین بحران شامل تھے ، حکومت نے عوام کے تعاون سے صوبہ سندھ سمیت پورے پاکستان میں امن و امان قائم کیا جبکہ بجلی کے بحران پر بھی کا فی حد تک قابو پالیا گیا بہت جلد ملک بھر سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ بھی ہو جائے گا،من و امان کے قیام کے بعد ترقیاتی کاموں پر بھرپور توجہ مرکوز ہے اس ضمن میں صوبہ کی ترقی و خوشحالی کے لئے وفاق کا تعاون جاری رہے گا۔ ملاقات میں گورنر سندھ نے وزیر اعظم پاکستان کو صوبہ کی مجموعی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا شہر کے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے کراچی ترقیاتی پیکج کے منصوبے تشکیل دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی کے تعاون سے جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے عوام کا معیار زندگی بلند ہو گا۔

خاقان عباسی

مزیدخبریں