لاہور + فیروزوالا (نامہ نگاران) صوبائی دارالحکومت میں اتوار کی چھٹی کے روز شہر کی مختلف شاہراہوں پر ٹریفک شدید جام رہی، چیف ٹریفک آفیسر لاہور رائے اعجاز احمد بھی کینال روڈ پر جام ٹریفک میں پھنسے رہے۔ شہر میں ٹریفک کا نظام درہم برہم رہا ، کینال روڈ ، دھرم پورہ ، مال روڈ ، علامہ اقبال روڈ، ڈیوس روڈ ، جیل روڈ ،کینٹ ، شالیمار لنک روڈ ، مغلپورہ، اقبال ٹاﺅن مین بلیوارڈ ، جوہر ٹاﺅن، فیروز پور روڈ سمیت شہر کی دیگر اہم شاہراہوں پر ٹریفک شدید جام رہی، ٹریفک وارڈنز سی ٹی او لاہور کو ٹریفک جام سے نکالنے میں لگے رہے۔ علاوہ ازیں فیروزوالا سے نامہ نگار کے مطابق شاہدرہ راوی پل سے لے کر امامیہ کالونی پھاٹک تک شدید ٹریفک جام رہنے سے گاڑیوں کی قطاریں دور دور تک لگ گئیں‘ ٹریفک کی بندش میں ایمبولینس ‘ شادی والی گاڑیاں اور اراکین اسمبلی بھی پھنس کر رہ گئے‘ باراتیں لیٹ ہو گئیں۔ ٹریفک وارڈنز غائب‘ شہری خود ہی پھنسی ہوئی گاڑیوں کو سائیڈ پر کروا کر گاڑیاں چلاتے رہے۔ شاہدرہ میں اکثر ٹریفک جام رہتی ہے۔ ریلوے پھاٹک امامیہ کالونی کے پل کی تعمیر اور برکت ٹاﺅن نہر کے پل کو فوری طور پر چوڑا کیا جائے۔
ٹریفک جام
چھٹی کے روز شہر میں بدترین ٹریفک جام‘ باراتیں لیٹ‘ ایمبولینسز پھنسی رہیں
Nov 20, 2017