احتساب کیلئے انتخابات کا التوا قبول نہیں‘ خطرہ آستینوں کے سانپوں سے ہے: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیرجماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے احتساب کے نام پر انتخابات کا التوا قبول نہیں کیا جائے گا ، ہمارا مطالبہ ہے کہ احتساب صرف ایک خاندان کا نہیں بلکہ تمام کرپٹ عناصر اور پانامہ لیکس میں سامنے آنے والے مزید 435 افراد کا احتساب کیا جائے اور قومی دولت لوٹنے والوں کو سخت سزا دی جائے، نامو س رسالت اور عقیدہ ختم نبوت کے قوانین میں کسی بھی قسم کی ترامیم اور ان قوانین کو بے اثر کرنے کی سازشوں کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا، عقیدہ ختم نبوت کے حوالے سے اصل قوانین کی بحالی خوش آئند ہے تاہم اس کے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کا حکومتی وعدہ ابھی پورا نہیں ہوا، حکومت اپنا وعدہ پورا کرے اور ذمہ داران کو سزا دے، کراچی کے مسائل کے حل کی ذمہ داری صوبائی و بلدیاتی حکومت کی ہے جو مسائل حل کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہیں ۔ جماعت اسلامی عوام کو مسائل سے نجات دلانے کی صلاحیت رکھتی ہے، عوام ساتھ دیں۔ منصورہ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے ”رابطہ عوام مہم “ کے سلسلے میں کراچی میں ایک روزہ دعوتی و اصلاحی فیملی اجتماع عام سے اختتامی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سراج الحق نے جماعت اسلامی ملک کو اس کے قیام کے مقاصد سے ہم آہنگ کرنے کی جدوجہد کررہی ہے‘ ہم قائد کے وژن کے مطابق اس ملک کو بنائیں گے۔ آج بھی یہاں کی حکومت امریکہ اور مغربی طاقتوں کی طرف دیکھتی ہے اور عوام کو ان کا غلام بنا رکھا ہے۔ عوام کو خود کو غلام بنانے والے حکمرانوں کے خلاف اٹھنا ہوگا۔ جماعت اسلامی عوام کو امریکہ اور امریکہ نواز حکمرانوں کی غلامی سے نجات دلانا چاہتی ہے‘ خواتین کو ان کا جائز مقام اور حق دینا چاہتے ہیں۔ ہم ایسا پاکستان بنائیں گے جس میں انصاف کے لئے عوام کو لاکھوں روپے کی فیس نہیں دینا پڑے گی ۔ علاج کے لئے کسی سے قرض لینے، بچوں کو پڑھانے اور بچیوں کی شادیوں کے لئے دوسروں کے سامنے ہاتھ پھیلانے کے لئے دروازے پر جانے کی ضرورت نہ ہو ۔ ہم قومی وسائل کو عدل اور انصاف کے مطابق تقسیم کریں گے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق سراج الحق نے کہا پاکستان کو زیادہ خطرہ آستین کے سانپوں سے ہے۔ کرپشن نے ملک کو تباہ کردیا ہم اس ملک کو فلاحی ریاست بنانا چاہتے ہیں‘ پاکستان کسی جغرافیہ کا نہیں نظریئے کا نام ہے۔
سراج الحق

ای پیپر دی نیشن