اینٹی کرپشن ٹیموں کے گوجرانوالہ، گجرات میں چھاپے، سیکرٹری یونین کونسل تحصیلدار سمیت 8 سرکاری ملازم گرفتار

Nov 20, 2017

گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی) اینٹی کرپشن ٹیموں نے گوجرانوالہ اورگجرات میں چھاپہ مار کارروائیاں کرتے ہوئے اشتہاری یوسی سیکرٹری اور محکمہ مال کے تحصیلدار سمیت آٹھ سرکاری ملازمین اور قبضہ گروپ کے ایک رکن کو گرفتار کرلیا ہے۔ ریجنل ڈائریکٹر اینٹی کرپشن فرید احمد نے بتایا کہ محکمہ تعلیم گجرات میں غیرقانونی ترقیوں کے کیس کی تحقیقات ہوگئیں۔ قصوروار ثابت ہونے پر گریڈ سترہ کے آفیسرمحمد اسلم گریڈ، گریڈ سولہ کے آفیسر محمد آصف اور گریڈ چودہ کے اہلکار محمد سلیم کو گرفتار کرلیا گیا۔ ملزمان کو جوڈیشل ریمانڈ پر ڈسٹرکٹ جیل بھجوادیا گیا ہے۔ سرکل آفیسر اینٹی کرپشن گوجرانوالہ شاہد محمود گھمن پر مشتمل ٹیم نے اشتہاری سیکرٹری یونین کونسل طاہر شاہ کو مزاحمت کے بعد حراست میں لے لیا گیا۔ ملزم نے رشوت لے کر شہریوں کو بوگس پیدائش و اموات کے سرٹیفکیٹ جاری کئے، ثبوت سامنے آنے پر مقدمہ درج کرلیا گیا، ملزم قانونی کارروائی کا سامنا کرنے کی بجائے روپوش ہوگیا تھا۔ سرکل آفیسر اینٹی کرپشن ناصر چٹھہ پر مشتمل ٹیم نے ایجوکیشن بورڈ گوجرانوالہ کے سینئر کلرک عتیق جمیل کو گرفتار کرلیا گیا۔ ملزم کے خلاف دھوکہ دہی و فراڈ کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا تھا جس میں یہ اپنا دفاع کرنے میں ناکام رہا۔ انہوں نے بتایا کہ انسداد رشوت ستانی کی خصوصی عدالت سے ضمانت خارج ہونے پر محکمہ مال گجرات کے تحصیلدار غلام فرید اورتین ملزمان پٹواری صدیق، نمبردار فضل اور قبضہ گروپ کے رکن محمد نواز کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
گرفتار

مزیدخبریں