حضرت مجد الف ثانی ؒنے بدکردار حکمرانوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا: پیر نثار احمد

لاہور (خصوصی نامہ نگار)حضرت مجدد الف ثانی نے اپنے دور کے بدکردار حکمرانوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور قرآن و سنت کے احکامات وتعلیمات کا تحفظ کیا ۔ان کے طرز زندگی سے مسلمانوں کو تاقیامت ولولہ تازہ ملتا رہے گا ۔ختم نبوتﷺ حلف نامہ تبدیل کرنے والے ناقابل برداشت ہیں ،حکومتی صفوں میں موجود سازشی عناصر کو بے نقاب کرکے سزا نہ دی گئی تو مجدد الف ثانی کی تحقیق کی روشنی میں فتویٰ جاری کر دیا جائے گا۔ علما و مشائخ کو آج بھی مجد د الف ثانی جیسا کردار اداکرنے کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار امجد الف ثانی سوسائٹی کے زیر اہتمام فلیٹیز ہوٹل میں امام ربانی مجدد الف ثانی بین الاقوامی کانفرنس سے ملکی اور غیر ملکی علمااور مشائخ نے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔کانفرنس کی صدارت پیر محمد طاہر حسین قادری نے کی ۔نظامت کے فرائض سیکرٹری جنرل مجدد الف ثانی سوسائٹی محمد ناظم بشیر نقشبندی مجددی نے ادا کیے ۔اس موقع پر پیر نثار احمد جان سرہندی ،ڈاکٹر اسحاق قریشی ،پروفیسراقبال مجددی ،جسٹس (ر) نذیر احمد غازی ،ڈاکٹر معین نظامی ،ڈاکٹر ولید زیاد (امریکہ)،پروفیسر عبدالودود (شارجہ)،ڈاکٹر ہمایوں عباس شمس ،ڈاکٹر مجیب احمد ،ڈاکٹر نوید ازہر، ڈاکٹر انجم طاہرہ ،محمد ناظم بشیر نقشبندی مجددی اور دیگر مقررین نے اظہار خیال کیا ۔پیر محمد طاہر حسین قادری نے کہا کہ اسلام دشمن طاقتیں مسلمانوں میں مذہبی انتشار پیداکرکے قومی اتحاد کو پارہ پارہ کرنے کی سازشوں میں مصروف ہے۔

ای پیپر دی نیشن