اسلام آباد (صباح نیوز) وزیراعظم عمران خان (آج) منگل سے ملائیشیا کا دو روزہ سرکار ی دورہ کریں گے، ایک اعلیٰ سطح کا وفد وزیراعظم کے ہمراہ ہوگا۔ مئی 2018 میں ڈاکٹر مہاتیر محمد کے دوبارہ عہدہ سنبھالنے کے بعد سے کسی بھی غیر ملکی رہنما کا پہلا سرکاری دورہ ہوگا۔ وزیراعظم عمران خان اور ان کے ملائیشیا کے ہم منصب معاونین کے بغیر ملاقات کریں گے جس کے بعد وفود کی سطح پر بات چیت ہوگی۔ پاکستانی ہائی کمشن کوالالمپور کی جانب سے وزیراعظم کی آمد کے موقع پر ائر پورٹ سے وزیراعظم ہاﺅس تک ملائشیا اور پاکستان کے جھنڈے سڑکوں پر نصب کئے گئے ہیں۔ پاکستانی ہائی کمشنر نفیس زکریا اور قونصلر میاں عاطف شریف کی جانب سے عمران خان کے دورہ ملائشیا کے موقع پر استقبال کےلئے کئے گئے اقدامات پر بیس لاکھ روپے لگا دیئے گئے ہیں۔ پاکستانی ہائی کمشن کوالالمپور پاکستانی تارکین وطن کے لئے بند کردیا گیا۔ وزیراعظم 20 نومبر سے ملائشیا کا 2 روزہ دورہ کریں گے۔ ملائشین وزارت خارجہ کے مطابق عمران خان کا دورہ باہمی تعلقات کی اہمیت کا اظہار ہے۔ بدھ کو پرودا سکوائر پروزیراعظم عمران خان کے اعزاز میں استقبالیہ تقریب ہو گی۔ وزیراعظم عمران خان ملائشین اینٹی کرپشن ہیڈ کوارٹرز کا دورہ بھی کریں گے۔
عمران ملائشیا