راولپنڈی(اے این این ) پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے تاہم بھارت کی طرف سے مس ایڈونچر کی کوشش کی گئی تو بھرپورجواب دیا جائے گا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق پیر کو گلگت بلتستان ،آزاد کشمیر اور ہزارہ ڈویژن کے صحافیوں نے آئی ایس پی آر کا دورہ کیا جہاں ان کی ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور سے ملاقات ہوئی۔آئی ایس پی آر کے مطابق صحافیوں نے اپنے علاقوں کی سیکیورٹی صورتحال کے حوالے سے فیڈ بیک دیا اور اپنے علاقے میں پاک فوج کی طرف سے جاری ترقیاتی کاموں سے متعلق بھی آگاہ کیا۔ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے صحافیوں کو بھارتی فورسز کی سیز فائر کی خلاف وزریوں سے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ لائن آف کنٹرول کے دونوں طرف کشمیری بھائی رہائش پذیر ہیں، بھارت کی طرف سے جان بوجھ کر شہری آبادیوں کو نشانہ بنایا جاتاہے، اس صورتحال کے باوجود بھارتی خلاف ورزیوں کا بھرپور جواب دیا جاتاہے، ہماری فورسز پروفیشنل آرمی کے طور پرصرف بھارتی پوسٹوں کو نشانہ بناتی ہیں۔ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھاکہ پاکستان امن کا خواہاں ہے تاہم بھارت کی طرف سے مس ایڈونچر کی کوشش کی گئی تو بھرپورجواب دیا جائے گا۔
فوجی ترجمان