ملتان (نمائندہ نوائے وقت) تعلیمات ِ نبوی ؐ کے رو گردانی کے سبب آج امتِ مسلمہ پستی و زوال کا شکار ہے۔ حضور نبی کریم ؐ کی سیرتِ پاک اور اسوہ حسنہ ہمارے لیے مشعلِ راہ ہے۔ جس پر عمل پیرا ہو کر ہم اپنی دنیا و آخرت سنوار سکتے ہیں۔آپ ؐ صرف مسلمانوں ہی نہیں بلکہ غیر مسلموں کے لیے بھی باعثِ رحمت ہیں۔ محافلِ میلادِ مصطفٰیؐ کا انعقاد محبِ رسولؐ کی علامت اور مسلمانوں کے لیے نجات کا ذریعہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے عید میلاد النبی ؐ کے حوالے سے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ملتان اور ینگ پاکستانیز آرگنائیزیشن کے زیرِ اہتمام شمع بناسپتی و کوکنگ آئل ملتان کے تعاون سے ہفت روزہ تقریبات کے تیسر ے روزملتان آرٹس کونسل میں منعقدہ مرکزی تقریب ’’رحمۃ اللعالمین کانفرنس‘‘سے بحیثیت مہمانانِ خاص خطاب میں کیا۔ تقریب کی صدارت چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی ملتان مختار حسین نے کی۔ مہمانانِ خاص میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو عارف ضیاء گجر ، ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر ملتان ناصر شہزاد ڈوگر، اراکینِ صوبائی اسمبلی محمد ندیم قریشی ، وسیم خان بادوزئی، معروف مذہبی سکالر علامہ سید طاہر سعید کاظمی، سجادہ نشین دربار حضرت سخی نواب مخدوم سید ذوہیب گیلانی، چوہدری ذوالفقار علی ، سیاسی و سماجی رہنما مخدوم شعیب اکمل ہاشمی شامل تھے۔ مقررین نے کہا کہ عقید ختم نبوت کے بغیرایمان کی تکمیل نا مکمل ہے۔حضور نبی کریمؐ اللہ کے آخری نبی ہیں۔ تقریب سے محکمہ تعلیم کے افسران رخشندہ قمر صدیقی، میاں فخر اقبال، عائشہ غازی، ثمینہ ظفر، زھراء علی و دیگر نے بھی خطاب کیا۔