ابوظہبی (اے پی پی) پاکستانی ٹیم کے کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں فتح کے قریب پہنچ کر شکست پر بے حد مایوسی ہوئی، اب تمام تر توجہ اگلے میچ پر مرکوز ہے، دوسرا ٹیسٹ جیت کر سیریز برابر کرنے کیلئے پوری تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے، کیویز کی جیت کا کریڈٹ پٹیل کو جاتا ہے جنہوں نے عمدہ لائن و لینتھ سے بائولنگ کرا کے ہمارے بلے بازوں کو آئوٹ کیا۔ کیوی قائد کین ولیمسن نے کہا کہ گرین شرٹس کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں فتح ٹیم کی اجتماعی کوششوں کا نتیجہ ہے، کھلاڑیوں نے جس طرح سے فائٹ کی وہ قابل ستائش ہے اور خصوصاً بائولرز کی کارکردگی پلس پوائنٹ ہے۔ نیوزی لینڈ نے پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میں اعصاب شکن مقابلے کے بعد 4 رنز سے شکست دی تھی۔ پیر کو کیویز کے ہاتھوں پہلے ٹیسٹ میں شکست کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستانی قائد نے کہا کہ ابوظہبی ٹیسٹ میں شکست بے حد مایوس کن ہے، بلاشبہ دن کا آغاز اچھا نہ تھا لیکن اظہرعلی اور اسد شفیق نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کر کے ٹیم کو فتح کے قریب پہنچا دیا تھا، ہم میچ جیتنے کی پوزیشن میں تھے لیکن بلے بازوں کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے ہم میچ فنش نہ کر سکے، اب تمام تر توجہ اگلے میچ پر مرکوز ہے، امید ہے کہ کھلاڑی ان غلطیوں سے سبق سیکھ کر دوسرے میچ میں پوری تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ ان کا کہنا ہے کہ بائولرز کی کارکردگی حوصلہ افزا ہے لیکن بلے باز بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام ہیں جس کی وجہ سے ہمیں شکست ہوئی، بلے بازوں کو چاہیے کہ بڑی اننگز کھیلنے کی عادت بنائیں۔ دوسری جانب کیوی کپتان ولیمسن نے کہا کہ ہم نے ڈرامائی فتح حاصل کی ہے۔ یہ میرے کیریئر کی یادگار فتح ہے جسے شاید میں کبھی نہ بھول سکوں۔ اس سے قبل کئی میچ قریب آکر ہار گئے لیکن پاکستان جیسی مضبوط ٹیم کو ہرانا واقعی نا قابل فراموش فتح ہے۔ میچ کے چار دنوں میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کو دباؤ میں لانے کی کوشش کی، وکٹ چیلنجنگ تھی لیکن ہم نے سب کو حیران کرکے میدان مار لیا۔ پاکستانی ٹیم اچھا کھیلی، میچ اتنا آسان نہیں تھا لیکن بائولرز نے غیرمعمولی بائولنگ کا مظاہرہ کر کے میچ کا نقشہ بدل دیا جو کہ پلس پوائنٹ ہے، دوسرا میچ جیت کر سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کرنے کیلئے سرتوڑکوشش کریں گے۔