لاہور(خصوصی نامہ نگار)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستا ن اور مجلس قائمہ سیاسی امور کے صدر لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ تحریک انصاف کی نیٹوعمران خان کو باور کرائیں کہ اب وہ اپوزیشن لیڈر نہیں ، پاکستان کے وزیراعظم ہیں ۔ اگر انجینئرڈ بنیادوں پر وزارت ِ عظمیٰ پر بٹھا دیئے گئے ہیں تو کرائے کے تخت سے بے دخلی میں بھی دیر نہیں لگے گی۔مسلم لیگ اور پی پی پی کی دم توڑتی سیاست میں حکومت خود جان ڈال رہی ہے ۔ وزیراعظم روزانہ کی بنیاد پر سیاسی بحران گھڑ کر مہنگائی ، بے روزگاری ، مسئلہ کشمیر سے لاتعلقی کے معاملہ پر مٹی نہیں ڈال سکتے ۔ عوام حساب لیں گے اور کڑا احتساب کریں گے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ حکومت اور ریاست ایک پیج پر ہونے کے دعوے تو بہت ہیں لیکن حکومتی نااہلی ، نکما پن ، کھلنڈرے اور غیر ذمہ دارانہ رویے ریاستی اداروں کو بھی متنازعہ بنا رہے ہیں ۔قومی قیادت اور قومی ادارے قومی ترجیحات کیلئے اکٹھے ہوں اور بحرانوں سے نکلنے کا علاج تلاش کریں ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ حکومت کے ہر منفی حربے اور وزراء کے گرگٹ کی طرح بدلتے موقف کے باوجود عدالتی ایما پر میاں نوازشریف علاج کے لیے برطانیہ روانہ ہوگئے ہیں۔