اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کے معیشت پر جاری ٹویٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عمران صاحب جھوٹ بولنے سے معیشت بہتر نہیں ہوتی، معیشت ایسی سمت چلی گئی ہے جہاں سے اس کی واپسی ناممکن ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کی طرح معیشت بھی کسی گمنام سمت محوپرواز ہے۔ یہ آپ کی معاشی سمت کا کمال ہے کہ آج ٹیکس وصولیوں کا تاریخی خسارہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کرنٹ اکائونٹ خسارے میں کمی کریڈٹ نہیں ڈس کریڈٹ ہے، کرنٹ اکائونٹ خسارے میں کمی برآمدات کی وجہ سے نہیں بلکہ درآمدات کے نہ ہونے کی بناء پر ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ ایک سال میں حکومت نے ابھرتی معیشت کو تباہ کر دیا ہے۔ وزیراعظم ایک اور ٹویٹ کرکے قوم کو بتائیں کہ ایک سال میں کتنے کارخانے ا ور فیکٹریاں بند ہوچکی ہیں۔