لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے پاکستان ٹینس فیڈریشن کی اپیل خارج کرتے ہوئے ڈیوس کپ ٹائی نیوٹرل مقام پر کروانے کا فیصلہ برقراررکھاہے۔ایشیا اوشیانا گروپ ون میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ڈیوس کپ مقابلے اسلام آباد میں 29 اور 30 نومبر کو شیڈول تھے تاہم بھارتی ٹینس حکام کے مطالبے پر سکیورٹی کو جواز بناکر انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن نے چار نومبر کو یہ مقابلے نیوٹرل مقام پر شفٹ کرنے کا اعلان کیاتھا۔پاکستان ٹینس فیڈریشن نے اس فیصلے پر نظرثانی کرنے کی اپیل کی تھی جسے آئی ٹی ایف نے مسترد کردیاہے اور یہ اب مقابلے قازقستان میں کروانے کے بارے میں دونوں ممالک کو آگاہ کردیاگیاہے۔انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن کی جانب سے پاکستان سے کی جانے والی اس ناانصافی پر پر ٹینس سٹار اعصام الحق اور عقیل خان پہلے ہی ان مقابلوں کا بائی کاٹ کرچکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق اپیل خارج ہونے کے بعد پاکستان ٹینس ٹیم ڈیوس کپ ٹائی میں شرکت ضرور کریگی تاہم پی ٹی ایف کی طرف سے سینئرز کے بجائے جونیئر ٹیم کو بجھوانے کا امکان ہے۔
پاکستان کی اپیل مسترد‘ڈیوس کپ ٹینس مقابلے قازقستان میں ہونگے
Nov 20, 2019