لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے آٹھویں راؤنڈ کادوسرا روز مکمل،تابش خان کی 5وکٹوں نے سندھ کو سنٹرل پنجاب پر سبقت دلادی۔خیبرپی کے کیخلاف بلوچستان کی ٹیم مشکلات کا شکار جبکہ حماد اعظم کی ناقابل شکست سنچری نے ناردرن کی پوزیشن مستحکم کردی۔ کراچی میں سندھ نے سنٹرل پنجاب کے 246 رنز کے جواب میں 4وکٹوں پر 255 رنز بنا لیے ہیں۔ خرم منظور 85 اور جاہد علی72 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ تابش خان نے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ کراچی میں ذوہیب خان کی سنچری کی بدولت پہلی اننگز میں 385 رنز سکور کر والی خیبر پختونخوا کی ٹیم نے 146 رنز پر بلوچستان کی پوری ٹیم کو پویلین واپس بھجوادیا ۔ فاسٹ باؤلر جنید خان نے 4 اور عثمان شنواری نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ ذوہیب خان نے 133 رنز بنائے۔ محمد اصغر نے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ راولپنڈی میں سدرن پنجاب نے ناردرن کیخلاف پہلی اننگز میں 2وکٹوں پر 149 رنز بنالئے ہیں۔عمر صدیق 58 رنز بناکر موجودتاہم ذیشان اشرف 57 رنز بناکر آؤٹ ہوچکے ہیں۔سدرن پنجاب کی ٹیم تاحال پہلی اننگز میں314 رنز کے خسارے کا شکار ہے۔ اس سے قبل ناردرن نے حماد اعظم کی سنچری کی بدولت 7وکٹوں کے نقصان پر 463 رنز بناکر اپنی پہلی اننگز ڈکلیئرکردی تھی۔ حماد اعظم نے 100 رنز ناٹ آئوٹ کی اننگز کھیلی۔ محمد عرفان نے 5وکٹیں حاصل کیں۔