لاہور( این این آئی)وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار حماد اظہر نے کہا ہے کہ ملک کی معیشت میں بہتری آرہی ہے، تجارتی خسارے میں کمی کا سلسلہ جاری ہے اور صنعتوں کی پیداوار میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ٹویٹر پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مالی سال میں مسلسل چوتھے ماہ بھی کرنٹ اکائونٹ سرپلس میں رہا، 4 ماہ کے دوران کرنٹ اکائونٹ سر پلس 1 ارب 20 کروڑ ڈالر رہا۔انہوں نے کہا کہ تجارتی خسارے میں کمی کا سلسلہ جاری ہے اور صنعتوں کی پیداوار میں اضافہ ہو رہا ہے۔قومی ادارہ شماریات کے مطابق اکتوبر 2020 میں تجارتی خسارے میں ساڑھے 26 فیصد کمی دیکھی گئی اور رواں مالی سال کے 4 ماہ میں تجارتی خسارہ 7 ارب 61 کروڑ ڈالر سے زائد رہا۔رپورٹ کے مطابق اکتوبر 2020 میں ملکی تجارتی خسارہ 1 ارب 80 کروڑ ڈالر سے زائد رہا، ستمبر کے مقابلے میں تجارتی خسارے میں ساڑھے 26 فیصد کمی دیکھی گئی۔گزشتہ سال اکتوبر کے مقابلے میں تجارتی خسارے میں 7.41 فیصد کی کمی ہوئی، مالی سال کے 4 ماہ میں تجارتی خسارہ 7 ارب 61 کروڑ ڈالر سے زائد رہا۔اس سے قبل ستمبر کے مہینے میں تجارتی خسارے میں 19.49 فیصد اضافہ ہوا تھا، ستمبر 2020 میں تجارتی خسارہ 2.39 ارب ڈالر تک جا پہنچا۔
معشیت میں بہتری آرہی مسلسل چوتھے ماہ بھی کرنت اکائونٹ پلس رہا، حماد اظہر
Nov 20, 2020