برطانوی وزیراعظم کا صرف پٹرول، ڈیزل پر چلنے والی نئی گاڑیوں کی فروخت بند کرنے کا اعلان

Nov 20, 2020

لندن (نوائے وقت رپورٹ) برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ برطانیہ میں 2030 کے بعد نئی گاڑیاں جو کہ صرف پٹرول یا ڈیزل پر چلتی ہوں، نہیں بکیں گی۔ انہوں نے کہا کہ کچھ ہائبرڈ کاروں کی فروخت کی اجازت ہو گی۔ یہ منصوبہ برطانوی وزیراعظم کی جانب سے موسمی تبدیلی کا مقابلہ کرنے کے لئے ’گرین انڈسٹریل ریولوشن‘ کا حصہ ہے۔ اس منصوبے کے ناقدین کا کہنا ہے کہ اس کے لیے مختص چار ارب پاؤنڈ بہت تھوڑی رقم ہے۔ دوسری طرف نئی ہائی سپیڈ ریل کے لیے 100 ارب پاؤنڈ مختص کیے گئے ہیں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ یہ پلان ایک بڑے حکومتی پلان کا حصہ ہے جس میں 12 ارب پاونڈ مختص کیے گئے ہیں۔ تاہم پرائیویٹ سیکٹر سے بہت زیادہ سرمایہ کاری کی امید لگائی گئی ہے۔ اس پلان میں ایک بڑے جوہری پاور پلانٹ سمیت متعدد جدید چھوٹے پیمانے کے جوہری ری ایکٹرز شامل ہیں جن سے توقع کی جا رہی ہے کہ 10000 نئی نوکریاں پیدا ہوں گی۔ حکومت کو توقع ہے کہ کل ڈھائی لاکھ نئی نوکریاں سامنے آئیں گی جن میں سے 60000 سمندر میں ونڈ پاور پلانٹس میں ہوں گی۔ شفاف توانائی کے یہ منصوبے کچھ لوگوں کے گھروں کو بھی متاثر کریں گے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ 2023 تک ایسے نئے گھروں پر بھی ممانعت ہو گی جو کہ گیس کے ذریعے مکان کو گرم رکھتے ہیں۔

مزیدخبریں