الحاج مولانا محمد اکبر نقشبندی
حاجی لعل دین انصاری
عالمی مبلغ اسلام،جمال و کمال والے حضرت الحاج پیرسید عظمت علی شاہ بخاری المعروف قبلہ چن جی سرکار سجادہ نشین آستانہ عالیہ حضرت کیلیانوالہ شریف ایک عرصہ تک رشد و ہدایت کا فریضہ انجام دیتے ہوئے 23 اپریل 2020 کو بیشمار عقیدت مندوں اور مریدوں کو غمزدہ چھوڑ کر وصال فرما گئے۔آپ کے سانحہ ارتحال نے عقیدت مندوں کو نڈھال کردیا،رلایا تڑپایا اور بہاریں اجاڑ دیں،ان کی شفقتوں اور محبتوں کی ٹھنڈی چھاؤں سے محروم ہوجانے کے گہرے ملال نے بیلیوں کو بڑا دکھ دیا،آپ کے بہت بڑے جنازے میں ہر بندے کی زبان پر تھا کہ دور زوال کا ایک کامیاب انسان لاکھوں دلوں پر راج کرنے والا ولی کامل دنیا سے رخصت ہوگیا۔الحاج پیرسید عظمت علی شاہ بخاری نے اپنے والد محترم مقبول بارگاہ رسالت الحاج پیرسید محمد باقر علی شاہ بخاری متوفی 20 جون 2014 کی طرح وصیت کی تھی کہ میرا بھی علیحدہ عرس مبارک نہ کرایا جائے بلکہ 22،23 نومبر کو آستانہ عالیہ حضرت کیلیانوالہ شریف ضلع گوجرانوالہ میں تاجدار روحانیت حضرت پیرسید نورالحسن شاہ بخاری شاہ بخاری متوفی 22 نومبر 1952 خلیفہ مجاز اعلی حضرت شیر ربانی میاں شیر محمد شرقپوری کے دو روزہ سالانہ عرس مبارک میں دعا کرائی جائے، نماز جنازہ کی امامت سجادہ نشین آستانہ عالیہ شرقپور شریف صاحبزادہ میاں محمد ابوبکر شرقپوری نے کی- الحاج پیرسید عظمت علی شاہ بخاری اپنے بزرگوں کے فیوض و برکات اور روحانی عظمتوں رفعتوں کے حقیقی امین،شریعت و طریقت کے پیکر اور علم و عمل کا حسین امتزاج تھے،تکبر و ریاکاری سے بہت دور رہ کر انتہائی عاجزی انکساری اور سادگی سے زندگی بسر کی،بامقصد زندگی گزارنے والے مرحوم کو اپنی بوریا نشینی پر فخر تھا،آپ شب زندہ دار بھی تھے اور میدان معرفت کے مرد افتخار بھی،پیرسید عظمت علی شاہ بخاری کی تاریخ ولادت 19 دسمبر 1949 ہے،آپ کی ولادت سے قبل ہی آپ کے دادا جان پیرسید نورالحسن شاہ بخاری نے آپ کے متعلق خوشخبری فرما دی تھی کہ یہ پیدا ہونیوالا بچہ روحانیت و ولایت کی دنیا کا باشادہ ہوگا،آنیواے وقت نے آپ کا یہ فرمان سچ ثابت کردیا،اللہ تعالٰی نے آپ کو روحانی صفات سے نوازا انداز بھی نرالے تھے،سعید بختی کے آثار بچپن ہی سے ہویدا تھے،دادا جان آپ کو پیار سے چن پیر سرکار کہتے تھے،اسی لیے زمانہ آج انکو چن جی سرکار کے نام سے یاد کرتا ہے،آپ کو ظاہری و باطنی علوم پر مکمل دسترس حاصل تھی،میڑک کے بعد آپ نے باقاعدہ دینی مدارس میں بحرالعلوم جید اساتذہ سے مکمل درس نظامی پڑھا،تحصیل علم کے بعد آپ نے اپنے عقائد و نظریات کے تحفظ،معاشرے کی روحانی اصلاح اور علوم روحانیت کی ترویج و اشاعت کیلئے ایمان آفرین تبلیغی دوروں کا آغاز کردیا،آپ جہاں جاتے وہاں لوگوں کو راہ حق پر گامزن کرنے کیلئے اپنے مواعظ حسنہ سے نوازتے،بے نظیر شیخ طریقت اور جید عالم باعمل تھے جن کے فیض سے لوگ مستفیض ہوتے رہے،آپ نے آستانہ عالیہ کے پلیٹ فارم سے دنیا بھر میں خانقاہی نظام کی اصل روح لوگوں کے سامنے پیش کرکے کلمہ حق بیان کیا۔حضرت کیلیانوالہ شریف کا فیض عالم اسلام میں روشنیوں اور ہواؤں کی طرح پھیلا ہوا ہے،آپ کو والد محترم پیرسید محمد باقر علی شاہ بخاری نے اپنی زندگی میں اپنا جانشین نامزد کرکے سلسلہ اور دربار عالیہ کے تمام امور کی نگرانی ان کے سپرد کردی تھی،آپ نے اپنے فرائض اس حسن و خوبی سے انجام دیئے کہ ان کے سنہری دور میں یہ سلسلہ اندرون اور بیرون ملک پھیل گیا،بین الاقوامی شہرت حاصل کی،آپ نے پیغام روحانیت کو آگے بڑھانے میں نمایاں اور جاندار کردار ادا کیا۔آپ نے اپنے بزرگوں کے مشن کو جاری رکھا اور ہزاروں بندگان خدا کے دلوں کو عشق رسول اور محبت اولیاء سے منور کیا۔آپ اپنے بزرگوں کی تربیت سے استقامت کا پہاڑ اور حکمتوں کا سرچشمہ بن گئے،آپ نے دینی و ملی محاذوں پر بڑھ چڑھ کر کام کیا وہ ایک مجاہدانہ کردار ادا کرنیواے صاحب تصوف مشائخ طریقت کا نمونہ،اخلاص کے پیکر،اسلاف کی اعلٰی روایات کے امین اور ولایت و معرفت کا مینارہ نور تھے،وقت کے سینے میں دل بن کر دھڑکنے والے،بھٹکی امت کو صراط مستقیم کی راہ دکھانے والے،یاد الہی اور حب رسول سے دلوں کی اجڑی جھوکیں آباد کرنے والے سوہنے چن جی سرکار،روشن کردار،منور گفتار اور معطر افکار کے مالک تھے۔الحاج پیرسید عظمت علی شاہ بخاری نے زندگی پر سکوت سمندر کی طرح گذاری،وہ اپنے اسلاف کی تعلیمات کا روشن نشان بن کر جئے ان کے نزدیک روحانیت محبوب کی زندگی میں ڈوب جانا تھا،ان کے لب درود شریف کی نغمگی سے ہمیشہ تر رہے،ان کا دل مدینہ منورہ کی خوشبو میں ڈوبا رہا،ان کی پیشانی پر کبھی شکوہ نہ پڑھا گیا،وہ معرفت و عرفان کا سمندر گھونٹ در گھونٹ نوش فرما لیتے تھے،آخر دم تک دین اسلام کی خدمت کی کبھی مفادات اور مصلحت کا شکار نہیں ہوئے،پیرسید عظمت علی شاہ بخاری نے گرانقدر علمی،دینی،ملی،روحانی اور اصلاحی تبلیغی شاندار خدمات سرانجام دیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔مرحوم جیسی قدآور شخصیات صدیوں بعد جنم لیتی ہیں،آپ نے نہ صرف اندرون ملک بلکہ بیرون ملک یورپ اور متحدہ عرب امارات،شام،عراق میں بھی روحانی تبلیغی زیارتی دورے کئیے راقم تحریر بھی تبلیغی دوروں کے علاوہ حج مبارک اور عمرے شریف پر بھی ساتھ تھا،دوران عمرہ شریف دیگر زیارات کے علاوہ حضور سرور کائنات کی والدہ محترمہ حضرت سیدہ آمنہ کے مزار مبارک پر بڑی عقیدت و محبت سے بطور خاص حاضری دی،پیرسید عظمت علی شاہ بخاری کو رب کریم نے نہایت صالح اور سعید بخت دو فرزندوں سے نوازا پیرسید محمد علی حسنین شاہ بخاری سجادہ نشین اور پیرسید علی سجاد حیدر شاہ بخاری جو بیلیوں کی امیدوں اور عقیدتوں کا مرکز ہیں،جہنوں نے آپ کے وصال کے بعد روحانیت و معرفت کے انوار کی اشاعت و فروغ کیلئے تمام صلاحیتیں وقف کردی ہیں،ولایت کی گود میں پرورش پانے والوں کا عزم اور جذبہ ہے کہ ہم اپنے والد چن جی سرکار کے روحانی مشن کو پوری آب و تاب کے ساتھ جاری رکھیں گے،ہم پیرسید عظمت علی شاہ بخاری کے دونوں شہزادوں کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں جو آج اپنے اسلاف کی شمع روحانیت کو جلائے ہوئے ہیں ہماری دعا ہے کہ رب کریم اس کاروان طریقت کے دونوں شہزادوں کا سایہ رحمت مدتوں ہمارے لئیے سکون قلب کا باعث بنائے رکھے۔آستانہ عالیہ حضرت کیلیانوالہ شریف صرف معرفت و طریقت کا گہوارہ ہی نہیں بلکہ یہاں احکام شریعت خداوندی،فرمودات مصطفوی اور تعلیمات اولیاء کو بطور خاص مدنظر رکھا جاتا ہے۔
آستانہ عالیہ کیلیانوالہ شریف
Nov 20, 2020