لاہور/ قصور(نامہ نگار+نمائندہ نوائے وقت) قتل، ڈکیتی، راہزنی جیسی ڈیڑھ درجن سے زائد وارداتوں میں مطلوب خطرناک ڈاکو اور مجرم اشتہاری شبیر عرف شبیری کنگن پور کے علاقہ میں دوران پولیس مقابلہ اپنے ساتھی ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔ پولیس زیر حراست شبیر عرف شبیری کو برآمدگی کیلئے لیکر جا رہی تھی کہ ملزم کے ساتھی ڈاکوؤں نے پولیس پر فائرنگ کر دی۔ شبیر عرف شبیری اپنے ساتھی ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ہلاک ہو گیا۔ جو ضلع قصور، اوکاڑہ اور شیخوپورہ پولیس کو متعدد سنگین مقدمات میں مطلوب تھا۔ ملزمان تاریکی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بھاگنے میں کامیاب ہوگئے۔ ڈی پی اوقصور عمران کشور کی ہدایات پر فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں۔