نوجوان اسلام مخالف مغربی پراپیگنڈ کا جواب دیں

لاہور (خصوصی نامہ نگار) معاون خصوصی وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کا ہفتہ شان رحمت للعالمین منانے کا اقدام قابل تحسین ہے۔  یہ واضح ہو گیا کہ سب عاشقان رسول حرمت رسول پر مر مٹنے کیلئے تیار ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان پاکستان کو ریاست مدینہ کی طرز پر ایک فلاحی ریاست بنانا چاہتے ہیں جس کے لئے وہ آپ کے متعین کردہ رہنما اصولوں پر عمل پیرا ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ شان رحمت للعالمین میں عالمی بین المذاہب مشائخ و علماء کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کنونشن سے وزیر اعلیٰ پنجاب کی مشیر خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان سمیت صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت، وزیر اوقاف صاحبزادہ پیر سید سعید الحسن شاہ ، چیئرمین پاکستان علماء کونسل و معاون خصوصی وزیر اعظم برائے مذہبی ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی، ناظم اعلیٰ دارالعلوم جامعہ نعیمیہ علامہ ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، سیکرٹری اوقاف زاہد سلیم گوندل، ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور اوقاف ڈاکٹر طاہر رضا بخاری، تیونس کے الشیخ فضل بن محمد القیروانی، اورنگ آباد، انڈیا کے پیر خواجہ فرید الدین فخری، برطانیہ کے الشیخ السید اسرار الحسن شاہ، ایران کے الشیخ دکتر سلمان نقوی، سردار بشن سنگھ، صاحبزادہ حافظ فضل الرحیم، خطیب بادشاہی مسجد مولانا سید عبدالخبیر آزاد اور خطیب داتا دربار مولانا محمد رمضان سیالوی نے بھی خطاب کیا۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ آپ کی ذات اقدس ہمارے لئے چشمہ ہدایت ہے۔ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کا محور پسے ہوئے طبقات کو مراعات یافتہ افراد کے برابر لانا ہے۔ حکومت پنجاب ریاستی امور کی انجام دہی میں ریاست مدینہ سے رہنمائی لے رہی ہے۔ پنجاب کے تعلیمی نصاب میں شان اقدس اور سیرت طیبہ پر مضامین شامل کئے گئے ہیں۔ معاون خصوصی وزیر اعلیٰ نے کہا کہ نوجوانوں کو مغرب کے بجائے اسوہ حسنہ کی تقلید کرنی چاہئے۔ حکومت پنجاب نے 25 کروڑ روپے کے وظائف دیئے تاکہ طلباء سیرت طیبہ سے متعلق موضوعات پر تحقیقی مقالہ جات اور ریسرچ کریں اور دنیا کے سامنے اسلام اور سیرت نبوی کا اصل چہرہ پیش کیا جائے۔ ہمارے نوجوان سوشل میڈیا کے ذریعے مغرب کی جانب سے اسلام کے خلاف ہونے والے پراپیگنڈا کا جواب دیں۔ انہوں نے کہا کہ ناموس رسالت کے حوالے سے وزیر اعظم عمران خان کا عالمی رہنماوں کو خطوط تمام پاکستانیوں کی ترجمانی ہے۔ چیئرمین پاکستان علماء کونسل و معاون خصوصی وزیر اعظم برائے مذہبی ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے اپنے خطاب میں کہا کہ ناموس مصطفی  پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔ ملک میں مذہبی ہم آہنگی کیلئے ہر ممکن کردار ادا کر رہے ہیں۔ ناموس مصطفی  کے معاملہ پر پاکستان کا کردار واضح اور روشن ہے۔ وزیراعظم پاکستان کا تمام اسلامی سربراہان کو خط امت کی وحدت اور اتحاد کی طرف پہلا قدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ سے ناموس رسالت، قانون بنوانے کیلئے ہر سطح پر رابطے کیے جا رہے ہیں۔  مقررین نے اسلام پر اپنے بلا سوچے سمجھے حملے سے صدر ایمانوئیل میکرون یورپ اور دنیا بھر کے کروڑوں مسلمانوں کے جذبات پر حملہ آور ہوئے ہیں معافی مانگنے تک فرانس کی مصنوعات کا حکومتی اور انفرادی سطح پر بائیکاٹ کا اعلان کیا جائے۔ اقوام متحدہ اور دیگرعالمی ادارے گستاخانہ خاکوں کی اشاعت کو روکنے میں اپنا کردارادا کریں۔ آپ کی ختم نبوت پر غیر متزلزل یقین ہمارے ایمان کا ناگزیر جزو ہے مغرب کی طرف سے’’آزادی اظہار‘‘ کے نام پر گستاخیوں کا سلسلہ گذشتہ سالوں سے جاری ہے۔ آج کا یہ تاریخ ساز اجتماع اس کی بھرپور مذمت کرتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن