سری نگر، اسلام آباد (این این آئی،سٹاف رپورٹر) بھارت کے غیرقانونی زیر قبضہ کشمیر میںبھارتی فوج نے مزیدچارکشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا ہے۔ بھاررتی فوج کے ہاتھوں شہید ہونے والے چاروں نوجوان جموں سے سری نگر جا رہے تھے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ٹرک میں سوار کشمیری نوجوانوں کو ٹول پلازہ کے قریب آپریشن کی آڑ میں گولیاں ماری گئیں۔ ادھر پاکستان نے مقبوضہ کشمیر میں چار مزید نوجوانوں کے ماورائے عدالت قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ انسانیت کے خلاف سنگین جرائم پر بھارت کو جواب دہ بنایا جائے۔ اس حوالہ سے ترجمان دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ صرف پچھلے ایک سال میں، بھارتی قابض فوج نے بین الاقوامی انسانی قانون کے بنیادی اصولوں کی مکمل خلاف ورزی کرتے ہوئے جعلی مقابلوں اور نام نہاد کارروائیوں میں خواتین اور بچوں سمیت تین سو سے زائد بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا ہے۔ ہندوتوا کے زہریلے پروپیگنڈے کے نتیجے میں کشمیری نوجوانوں کو ماورائے عدالت قتل کرنے کے علاوہ، زیر حراست تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ پاکستان نے بین الاقوامی نگرانی میں، ان چاروں سمیت بے گناہ کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کے بارے میں فوری اور شفاف عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ ہم بین الاقوامی برادری سے بھی گذارش کرتے ہیں کہ کشمیر میں ہونے والی ریاستی دہشت گردی کے واقعات پر فوری طور پر توجہ دی جائے۔ اقوام متحدہ کی سکیورٹی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیر تنازعہ کے حل کی طرف ٹھوس اقدامات کرنا چاہئے۔