پشاور (نوائے وقت رپورٹ) ادویات کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق پشاور ہائیکورٹ میں کیس کی دوبارہ سماعت ہوئی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے نے ادویات کی فہرست عدالت میں پڑھ کر سنائی۔ چیف جسٹس قیصر رشید نے سی ای او ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سی ای او صاحب آپ کو قیمتوں میں اضافے کا پتہ ہی نہیں۔ صبح سے آپ عدالت میں غلط بیانی کر رہے ہیں۔ اتنے بڑے عہدے پر ہیں اور عدالت میں غلط بیانی کر رہے ہیں۔ کیوں نہ آپ کیخلاف کارروائی شروع کی جائے۔ کس نے آپ کو اتنے بڑے عہدے پر بٹھایا ہے۔ عوام کی مشکلات کا آپ کو احساس ہی نہیں۔ عوام میں اتنی مہنگی ادویات خریدنے کی سکت ہی نہیں۔ ادویات کی قیمتوں میں اضافے سے آپ لوگوں نے عوام کی مشکلات بڑھا دی ہیں۔ آپ اپنے بڑوں کے ساتھ بیٹھ کر ادویات کی قیمتوں میں اضافے پر نظرثانی کریں اور ادویات کی قیمتوں کو کم سے کم سطح پر لائیں۔ عدالت نے سی ای او ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی سے ادویات کی قیمتوں میں کمی کی رپورٹ طلب کر لی۔ عدالت نے عطائی‘ غیر قانونی لیبارٹریز اور کلینکس کیخلاف کارروائی جاری رکھنے کا حکم دیا۔