لاہور (اپنے نامہ نگار سے) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین کی جمال دین والی شوگر ملز نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر ) کے محکمہ ان لینڈ ریونیو کی جانب سے آڈٹ کے لیے ان کے انتخاب کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق شوگر ملز کے وکیل کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ شوگر انکوائری کمیشن کی رپورٹ کی روشنی میں ایف بی آر نے کمپنی کے پانچ سال پرانے اکاؤنٹس کا آڈٹ شروع کردیا۔ جبکہ قانون کے مطابق بورڈ 5 سال سے زائد اکاؤنٹس کا آڈٹ نہیں کرسکتا۔ انہوں نے عدالت سے آڈٹ کے اس عمل کو کالعدم قرار دینے اور درخواست گزار کو جاری نوٹسز کو غیرقانونی قرار دینے کی استدعا کی۔ علاوہ ازیں جسٹس شاہد وحید نے اس درخواست پر سماعت کی، تاہم اسے جسٹس جواد حسن کے پاس سماعت کے لیے مقرر کرنے کے لیے معاملہ چیف جسٹس کو بھیج دیا۔