لاہور (خصوصی نامہ نگار) سجادہ نشین و جانشین امیر ملت پیر سید منور حسین شاہ جماعتی نے کہا ہے کہ قومی اداروںکیخلاف زبان درازی کرنے والے ملک دشمن ہیں۔ قومی اداروں کیخلاف زبان درازی ملکی سالمیت کیلئے خطرناک‘ اس سے فساد‘ شرپسندی اور بدامنی پھیلنے کا خدشہ ہے۔ قومی اداروں کیخلاف بیانیہ عوام نے سختی کیساتھ مسترد کر دیا۔ کرپٹ عناصر جان بوجھ کر اداروں پر تنقید کر رہے ہیں۔ اداروں کیخلاف بولنے والوں کو ملک دشمن تصور کرتے ہیں۔ ایسا کرنے والوں کو سخت مزاحمت کا سامنا کرنا پڑیگا۔ کرپٹ عناصر اپنی نااہلیاں چھپانے اور کرپشن بچانے کیلئے اداروں پر تنقید کررہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحافیوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ پیر منور حسین جماعتی نے کہا کہ بعض عناصر کی جانب سے دیا جانے والا اداروں کیخلاف بیانیہ پوری قوم نے مسترد کر دیا ہے۔ یہ لوگ ہمارے ازلی دشمن بھارت کی زبان بول رہے ہیں جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔ ان کی کرسی سے چمٹنے کی ہوس ابھی تک ختم نہیں ہوئی۔ لہٰذا وہ اپنی گری ہوئی ساکھ کی بحالی کیلئے اداروںکو نشانہ بنا رہے ہیں۔ انہوں نے اپنے ادوار میں عوام کے وسائل کو بے دردی سے لوٹا۔ آج جب ان کا احتساب ہو رہا ہے تو ان کی چیخیں نکل رہی ہیں۔ ہم وطن عزیز کی حفاظت کیلئے جانیں قربان کرنے والے قومی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ملکی ادارو ں کیخلاف بولنے والو ں کو ملک د شمن تصور کرتے ہیں۔ ایسے سیاستدان ہوش کے ناخن لیں اور اپنے رویہ میں تبدیلی لا ئیں۔ ہم اداروں کیخلاف بیان بازی کرنے والوں کی پھر پور مذمت کرنے کیساتھ حکومت سے بھی پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ایسے بدبخت عناصر کیساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹے۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت اپنی سیاست کو چمکانے کا نہیں بلکہ قومی مفادات کے تحفظ کا ہے جس کیلئے ہم سب کو ملکر دشمن کے عزائم کو خاک میں ملانا ہو گا۔ بھارت دہشت گرد ملک ہے جس عالمی ادارے بھی تسلیم کر چکے ہیں۔ امت مسلمہ کو بھی بھارتی دہشت گردی کیخلاف متحد ہونا ہو گا۔ کنٹرول لائن پر بھارتی افواج کی بمباری امن اور انسانیت کا قتل ہے۔ بھارت ایل او سی پر امن معاہدے کی مسلسل خلاف ورزیوں میں مصروف ہے۔ پاک فوج بھارتی فورسز کو بھرپور جواب دے رہی ہے اور ہم اپنی فورسز کیساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان سمیت دیگر قومی سلامتی کے اداروں اور عوام کی جانب سے پیش کی جانے والی ہزاروں قربانیوں کے نتیجے میں آج وطن عزیز میں امن قائم ہو چکا ہے جس کی وجہ سے غیرملکی سرمایہ کار پاکستان کا رخ کر رہے ہیں اور ملک ترقی کی جانب رواں دواں ہے جو کچھ عناصر کو ہضم نہیں ہو رہا۔ ان حالات میں ہمارے سیاستدانوں کو چاہئے کہ وہ ملک میں امن و سلامتی کو قائم و دائم رکھنے کیلئے پاک فوج کا ساتھ دیں اور اس ادارے کو بلاوجہ سیاست میں نہ گھسیٹیں۔