وزیراعلیٰ پنجاب کے اعلان کردہ ہفتہ شان رحمت اللعالمین کا انعقاد پورے تزک و احتشام کے ساتھ صوبے کے طول و عرض میں جاری ہے۔ آج جاری ہفتے کے پانچویں روز بھی جگہ جگہ رحمت عالم کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے محافل برپا کی گئیں اور فضا درود و سلام کی صداؤں سے گونجتی رہی۔ وزیراعلیٰ کی خصوصی دلچسپی کی بدولت تمام اضلاع، ڈویژنز اور تحصیل کی سطح پر مختلف محکموں کے علاوہ ضلعی انتظامیہ اور عوامی نمائندوں نے ان تقریبات کے انعقاد میں متحرک کردار ادا کیا اور مذہبی جوش و جذبے سے ان محافل میں شرکت کی۔
لاہور میں کمشنر آفس اور جی سی یونیورسٹی لاہور کے زیراہتمام بخاری آڈیٹوریم میں تقریری مقابلہ ہوا جس میں کمشنر لاہور ذوالفقار گھمن نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ لاہور میں ہی صوبائی وزیرجیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان کی ہدایت پر کیمپ جیل لاہور میں سیرت کانفرنس منعقد کی گئی۔ فیصل آباد میں میٹروپولیٹن کارپوریشن ہال میں شان مصطفیؐ کے سلسلہ میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں صوبائی وزیرچودھری ظہیرالدین سمیت ضلعی انتظامیہ کے افسران نے بھرپور شرکت کی۔ محکمہ اوقاف اور تحصیل انتظامیہ کے تعاون سے شہر میں علماء و مشائخ کانفرنس بھی منعقد ہوئی۔ سرگودھا میں محکمہ معدنیات کے زیراہتمام مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ اسی طرح پنجاب کونسل آف دی آرٹس سرگودھا کے آڈیٹوریم میں بھی خواتین کے لئے نعتیہ مشاعرہ منعقد ہوا۔ ادھر بہاولنگر میں گورنمنٹ کامرس کالج میں نعتیہ شانِ رحمت اللعالمین کے سلسلہ میں سیرت کانفرنس ہوئی جس سے صوبائی وزیر شوکت علی لالیکا نے خطاب کیا۔ مقررین نے اسوہ حسنہ پر عمل کو ہی دین اور دنیا میں کامیابی کی ضمانت قرار دیا۔
بورے والا میں بھی تمام سرکاری و غیر سرکاری تعلیمی اداروں میں سیرت النبیؐ کے سلسلے میں تقریری مقابلے جاری ہیں۔ وہاڑی میں گورنمنٹ ہائیرسیکنڈری سکول میں محفل نعت اور تقریری مقابلوں کا اہتمام کیا گیا۔ علاوہ ازیں تمام سرکاری کالجوں میں سیرت النبیؐ کانفرنسز کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ ادھر لیہ میں بھی میونسپل کمیٹی ہال میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی سید رفاقت علی گیلانی نے کہا کہ آپﷺ کی ذات پاک پوری انسانیت کے لئے مینارہ نور ہے۔ اوکاڑہ میں بھی میونسپل کارپوریشن ہال میں نعت خوانی کی محفل منعقد کی گئی۔
محکمہ اوقاف کے زیرانتظام جامعہ عثمانیہ میں بھی سیرت کانفرنس منعقد ہوئی۔ مقررین نے حضورﷺ کے روشن کردار اور بنی نوع انسانیت کی رہنمائی کے موضوع پر روشنی ڈالی۔ لاہور میں محکمہ توانائی کے زیراہتمام محفل میلاد منعقد ہوئی جس میں وزیرتوانائی ڈاکٹر اختر ملک نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ چنیوٹ میں بھی ہفتہ رحمت اللعالمین کے سلسلے پانچویں روز بھی تقریبات کا سلسلہ جاری رہا۔ شہر میں محکمہ تعلیم اور اوقاف کے زیراہتمام سیرت مصطفیؐ پر تقریری مقابلے ہوئے جس کے بعد دعائیہ تقریب منعقد ہوئی۔ چکوال سے آمدہ اطلاعات کے مطابق ضلعی انتظامیہ کے زیراہتمام نعتیہ مشاعرہ منعقد ہوا جس میں شعراء حضرات نے آنحضرتؐ کی ذات اقدس کے محاسن پیش کئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر ملتان کے تمام بوائز اور گرلز کالجوں میں محافل میلاد کا سلسلہ جاری ہے۔