صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیر صدارت پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں محکمہ معدنیات کی کارکردگی، تنظیمی ڈھانچے،زیر زمین معدنیات کے تخمینے و تلاش، سائٹس کے لیز کے امور کا جائزہ لیا گیا۔سیکرٹری معدنیات، ڈائریکٹر جنرل، وزیر اعلیٰ انسپیکشن ٹیم کے اراکین، ماہرین اور متعلقہ افسران نے اجلاس میں شرکت کی۔صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب معدنیات کی دولت سے مالا مال ہے۔زمین میں چھپے خزانوں کو استعمال میں لاکر کمزور طبقات کی زندگیوں میں بہتری لائی جا سکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے زیر زمین معدنیات کے درست تخمینہ لگانے اور ریسورس میپنگ کی ضرورت ہے۔محکمہ معدنیات کو روایتی طریقوں سے ہٹ کر عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہو کر کام کرنا ہوگا۔میاں اسلم اقبال نے کہا کہ دستیاب معدنیات کے ذخائر سے بھرپور استفادہ کرنے کیلئے موثر حکمت عملی بنائی جائے گی۔ذخائر کی تلاش اور انہیں استعمال میں لانے کیلئے سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے سفارشات مرتب کرکے، وزیر اعلیٰ کو پیش کی جائیں گی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ محکمہ معدنیات اپنا ریونیو بڑھانے کیلئے موثر اقدامات کرے۔کمزور طبقات کیلئے آسانیاں پیدا کرنے اور ریلف کی فراہمی کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ انہوں نے کہا کہ غریب آدمی کو اپنی چھت کی سہولت دینے کے لئے سیمنٹ، اینٹ، بجری اور ریت کی قیمتوں پر نظر رکھنا ہوگی اورغریب کا استحصال کرنے والے ہر مافیا کو ناکام بنا نا ہے۔