وزیر ،پارلیمانی سیکرٹری غیر حاضر،حکومتی،اپوزیشن ارکان کا احتجاج


لاہور (نیوز رپورٹر) پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں دوسرے روز بھی وقفہ سوالات کے دوران متعلقہ وزیر، پارلیمانی سیکرٹری اور سیکرٹری ایوان سے غیر حاضر رہے جس پر حکومتی اور اپوزیشن ارکان نے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔ وزیر قانون راجہ بشارت نے بھی وزراء کی ایوان سے غیر حاضری پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا۔ چیئر کی جانب سے وزراء اور محکموں کے سیکرٹریز کی ایوان میں حاضری کو یقینی بنانے سے متعلق رولنگ دی گئی۔ اجلاس دو گھنٹے 50منٹ کی تاخیر سے پینل آف چیئرمین میاں محمد شفیع کی زیر صدارت شروع ہوا۔ پی ٹی آئی کے ہندو کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے رکن یوڈسٹر چوہان نے اسمبلی رکنیت کا حلف اٹھایا۔ محکمہ صنعت و تجارت سے متعلقہ سوالات کے جوابات دئیے جانے تھے تاہم متعلقہ وزیر میاں اسلم اقبال اور سیکرٹری صنعت کے بیرون ملک دورے پر ہونے کی وجہ سے وقفہ سوالات موخر کردیا گیا۔ جس پر اعتراض کرتے ہوئے (ن) لیگ کے رکن رانا محمد اقبال نے کہا کہ اکثر ایسے ہوتا ہے کہ جس محکمہ کے متعلقہ سوالات ہوتے ہیں وہ وزراء ایوان سے غائب ہوتے ہیں، ہم عوام کو جوابدہ ہیں، اگر یہی سلسلہ جاری رہا تو عوام ہم سے پوچھیں گے۔ سمیع اللہ خان نے کہا کہ میرا زیرو آور نوٹس پچھلے چھ ماہ سے جواب کے لئے متعلقہ وزیر کا منتظر ہے۔ ایوان کو بتایا جائے وہ کب آئیں گے۔ وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا کہ میں انتہائی دکھ سے یہ کہتا ہوں کہ اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ وزراء ایوان سے غیر حاضر رہتے ہیں اور ایوان کی کارروائی میں دلچسپی نہیں لیتے، انہیں ایسا نہیں کرنا چاہیے۔ وزیر قانون راجہ بشارت نے چیئر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس پر جتنی ذمہ داری حکومت اور اپوزیشن کی ہے چیئر کی بھی اتنی ہی ذمہ داری ہے، چیئر کو چاہیے کو اس پر رولنگ دیں۔ صوبائی وزیر چوہدری ظہیرالدین نے نقطہ اعتراض پر بات کرتے کہا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں ریکارڈ قانون سازی ہوئی، الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا قانون پاس ہوگیا ہے، اس سے اوورسیز پاکستانیوں کی دیرینہ خواہش پوری ہوگئی ہے۔ رکن اسمبلی محمد ارشد جاوید نے نکتہ اعتراض پر رحیم یارخان کے مل مالکان کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ مل مالکان ہمیں گنے کی فصل سندھ نہیں لے جانے دیتے۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...