لاہور (سپورٹس رپورٹر)قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے بنگلہ دیش کے خلاف میچ جیتنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پچ قدرے مشکل تھی ‘گیند بیٹ پر نہیں آرہی تھی ‘مڈل آرڈر کو کریڈٹ جاتا جس نے ذمہ دازی سے بلے بازی کی اور فخرزمان ‘خوشدل شاہ نے اچھی کارکردگی دکھائی ‘محمد نواز نے اچھا اختتام کیا ۔ ہم بنگلہ دیش کو اس سے بھی کم سکور تک محدود کر سکتے تھے تاہم پندرہ سے بیس رنز زائد بن گئے مگر ایسا کرکٹ میں ہوتا رہتا ہے ۔مین آف دی میچ حسن علی نے کہا کہ اللہ کا شکرادا کرتا ہوں کہ اچھی کارکردگی دکھانے کے قابل ہوا۔ بہت خوشی کا لمحہ ہے ۔ ورلڈ کپ میں کارکردگی توقعات کے مطابق نہیں تھی ‘کیر یئر میں اتار چڑھائو آتے رہتے ہیں ۔ بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کھیل چکا ہوں ‘ علم میں تھا کہ یہاں پچز سلو ہوتی ہیں‘رنز بنانامشکل ہو تا ہے‘میں نے وکٹوں میں گیند کرانے کی کوشش کی اور کامیاب رہا جس کی وجہ سے وکٹیں بھی ملیں ۔ بنگلہ دیش کو ہوم کنڈیشنز کا بھرپور ایڈوانٹج لینا آتا ہے میزبان ٹیم نے حال ہی میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کیخلاف عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ‘میچ آسان نہیں تھا ‘ہماری ٹیم ایک یونٹ بن کر کھیل رہی ہے ‘ورلڈ کپ کے ہر نئے میچ میں نیا پلیئر آف دی میچ اور اب خوشدل شاہ اور محمد نواز کی عمدہ کارکردگی سب کے سامنے ہے ‘ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں جو خامیاں نظر آئیں بنگلہ دیش پہنچتے ہی ان پر کام کیا ‘کوشش کرتا ہوں جو بھی دن ہو اپنی طرف سے سو فیصد کارکردگی کا مظاہرہ کروں ‘بنگلہ دیش کی ٹیم اپنی ہوم کنڈیشنز میں کبھی بھی آسان حریف نہیں ہوتی‘آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں انفرادی کارکردگی توقعات کے مطابق نہیں رہی تھی ‘اس کے باوجود مجھے فینز کی بھرپور سپورٹ ملی ‘لہذا میں یہ پلیئر آف دی میچ پاکستان کرکٹ کے فینز کے نام کرتا ہوں۔بنگلہ دیش ٹیم کے کپتان محمو داللہ ریاض نے کہا کہ ٹا س جیت کر بلے بازی کا فیصلہ پہلے مرحلے میں درست تھا ‘بیٹنگ کیلئے اچھی وکٹ تھی تاہم اس میں بائولرز کیلئے بھی مدد تھی ۔ امید ہے کہ دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں بہتر حکمت عملی کے ساتھ میدان میں آئیں گے ۔ کوشش تھی کہ 140رنز بناسکیں تاہم127تک محدود رہے ‘پلان بنایا تھا ابتدا میں وکٹیں جلد حاصل کرلیں تو فائدہ مند ہوگا ‘ہمارے بائولرز پلان میں کامیاب رہے ‘تسکین احمد‘مستفیض الرحمان اور مہدی حسن نے ٹارگٹ کے مطابق بائولنگ کی ‘ہم نے اچھی فائٹ کی تاہم پاکستان کے آخری دو بیٹرز کو کریڈٹ جاتا ہے جنہوں نے اچھی بلے بازی سے میچ جیت لیا ۔
پچ مشکل ، مڈل آرڈر نے شاندار کارکردگی دکھائی : بابر اعظم
Nov 20, 2021