بھارتی جاسوس کو این آر او دینا غداری ہے:دردانہ صدیقی،ربعیہ طارق

Nov 20, 2021

لاہور (لیڈی رپورٹر)حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان کی مرکزی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی،صدر وسطی پنجاب ربعیہ طارق نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں حکومت اور اتحادیوں کی جانب سے بزورِ طاقت بھارتی جاسوس کلبھوشن کو ریلیف دینے کے بل کو مسلط کیے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ملک و قوم سے غداری کے مترادف قرار دیا ہے۔مملکتِ خداداد میں دہشت گردانہ کاروائیاں اور معصوم پاکستانیوں کی جان سے کھیلنے کا اعتراف کرنے والے بھارتی جاسوس کو حکومت کی جانب سے این آر او دیا جانا ہر محبِّ وطن پاکستانی کے جذبات کو بری طرح مجروح کیا ہے۔ نااہل حکمرانوں نے اپنی ناقص خارجہ پالیسی کے سبب پہلے کشمیر کو اٹھا کر بھارت کی جھولی میں ڈال دیا، اور اب کُلبھوشن کی رہائی کا راستہ ہموار کرنے کا شرمناک فُعل کررہے ہیں۔ ووٹنگ بذریعہ ای وی ایم کے بل کو بھی قومی مشاورت اور ہم آہنگی کے بنا زبردستی بلڈوز کرنے کی مذمت کی اور اسے ڈیجیٹل دھاندلی کی چال قرار دیا۔مطالبہ کیا کہ حکومت ہوش کے ناخن لے، اور ان تمام اقدامات سے باز آجائے جن سے ملک میں انارکی پھیلنے کا اندیشہ ہو۔

مزیدخبریں