کراچی (نیوز رپورٹر) پاکستان میڈیکل کمیشن نے سندھ کی میڈیکل یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز اور پرائیویٹ میڈیکل ایسوسی ایشن کی جانب سے سندھ کے طلبہ کے لیے MDCAT کی پرسنٹیج کم کرنے کی درخواست مسترد کردی ۔پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر ارشد تقی کا کہنا تھا کہ سندھ کے وفد نے ان سے سندھ کے پرائیویٹ میڈیکل کالجز میں داخلوں کے لیے ایم ڈی کیٹ کی پرسنٹیج کم کرنے کی درخواست کی جسے پاکستان میڈیکل کالج نے مسترد کردیا ہے۔ پی ایم سی کے نائب صدر علی رضا بھی موجود تھے۔پاکستان میڈیکل کمیشن کی جانب سے سندھ کے میڈیکل کالجز کے لیے پرسنٹیج کم نہ کرنے کے اعلان کے بعد سندھ کی سرکاری میڈیکل یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز کا کہنا تھا کہ وہ سندھ حکومت کو اپنا میڈیکل اینڈ ڈینٹل کمیشن بنانے کی سفارش کریں گے۔سندھ کی میڈیکل یونیورسٹی کے وائس چانسلرز اور پرائیویٹ میڈیکل کالجز کی تنظیم کے حکام کا کہنا تھا کہ ان کا وفد صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا پیچوہو کے کہنے پر پاکستان میڈیکل کمیشن کے حکام سے ملاقات کے لیے گیا تھا۔