کوئٹہ( این این آئی) کنوینئر ذیلی کمیٹی برائے قائمہ کمیٹی وزارت داخلہ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ مشترکہ پارلیمانی اجلاس میں حکومت اور اتحادیوں کی بھاری اکثریت سے کامیابی ملک کی پارلیمانی تاریخ میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتی ہے ای وی ایم سے شفاف انتخابات میں حائل رکاوٹیں دور ہو گئی ہیں اس کامیابی سے ووٹ کو حقیقی عزت ملے گی اور یہ پاکستانی عوام کے لئے بڑی کامیابی ہے اس کامیابی سے ٹھپہ مافیا ہار گیا۔ انہوں نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی اس ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں اور اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملنے سے جمہوریت مضبوط ہو گی اور وہ ملکی ترقی میں بہتر طور پر اپنا کردار ادا کر سکیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان عوامی پارٹی حکومت کی مضبوط اتحادی ہے۔ ہمارے پارٹی ارکان قومی اسمبلی اور سینٹ نے حکومتی اصلاحات کے حق میں ووٹ دیئے اور آئندہ بھی ہر اچھے اقدام اور جمہوریت کی بہتری اور مضبوطی کے لئے ہر حکومتی فیصلے کی حمایت کر تے رہیں گے ۔