قرآن کی طباعت کے لیے ڈیکلریشن کیے جائیں


مکرمی! ہم وزیر اعظم پاکستان جناب عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب جناب سردار عثمان بزدار کے علم میں یہ تکلیف دہ اور انتہائی افسوسناک حقیقت لانا چاہتے ہیں کہ پنجاب میں قرآن مجید کی طباعت کے لیے پرنٹنگ پریسوں کے لیے ڈیکلریشن کے اجرا پر پابندی عائد ہے ۔ معلوم نہیں یہ پابندی کیوں اور کس کے کہنے پر لگائی گئی ہے ۔ بہر حال یہ پابندی بالکل نامناسب ہے جو کہ وزیر اعظم کے پاکستان کو ریاست مدینہ بنانے کے مقدس مشن کی راہ میں رکاوٹ ہے ۔ یہ بات طے ہے کہ قرآن مجید کو اس کا مقام اور احترام دیے بغیر پاکستان کو ریاست مدینہ کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا ہے ۔قرآن مجید ، سیپارے اور قاعدے شائع کرنے والے زیادہ تر پریس لاہور میں ہیں جو کہ بہت محدود اور گنے چنے ہیں۔ ان پرنٹنگ پریسوں کے طبع شدہ قرآن مجید نہ صرف پنجاب بلکہ پورے پاکستان میں پڑھے جاتے ہیں۔ عدالت عالیہ کے30دسمبر2020ء کے فیصلے کی روشنی میں پنجاب حکومت نے سرکاری اور پرائیویٹ تعلیمی اداروں میں پہلی کلاس سے پانچویں تک ناظرہ قرآن مجید بطور لازمی مضمون جبکہ چھٹی کلاس سے بارہویں تک کالجز اور یونیورسٹیز میں قرآن مجید ترجمے کے ساتھ پڑھانا شروع کردیا ہے۔ سرکاری اور پرائیوٹ تعلیمی اداروں میں کروڑوں طلبہ وطالبات زیر تعلیم ہیں، اس کا مطلب ہے کہ عدالت کے فیصلے کے بعد کروڑوں طلبہ وطالبات کو قرآن مجید اور سیپاروں کی ضرورت ہوگی۔یہ ڈیمانڈ اس وقت ہی پوری ہو سکے گی جب پرنٹنگ پریسوں کو قرآن مجید اور سیپاروں کی طباعت کی اجازت ہوگی۔اسی طرح قرآن مجید کی طباعت کے لیے ڈیوٹی فری امپورٹڈ پیپرمنگوانے اور ناشران قرآن کی سیلز ٹیکس رجسٹریشن کے لیے بھی ڈیکلریشن کا ہونا ضروری ہے، لہٰذا وزیر اعلیٰ پنجاب جناب سردار عثمان بزدار ، چیف سیکرٹری پنجاب جناب کامران علی افضل ، چیئرمین پنجاب قرآن بورڈ جناب صاحبزادہ حامد رضا ، ڈپٹی کمشنر محمد عمر شیر اور پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ سے گزارش ہے کہ ڈیکلریشن کے اجرا پر عائد پابندی ختم کروانے کے لیے متعلقہ محکموں کو احکامات جاری کیے جائیں تاکہ قرآن مجید کی طباعت کے لیے نئے پریس لگائے جاسکیں اور عدالت عالیہ کے فیصلے کی روشنی میں طلبہ وطالبات کے لیے بروقت قرآن مجید اور سیپاروں کی ضرورت پوری کی جاسکے۔ ہم حکام بالا کو یہ یقین دہانی بھی کرواتے ہیں کہ قرآن مجید کی طباعت واشاعت کے لیے جن پرنٹنگ پریسوں کو ڈیکلریشن جاری کیے جائیں گے ان پریسوں پر قرآن مجید کے علاوہ کوئی بھی ایسا مواد طبع نہیں کیا جائے گا جو حکومت کے لیے کسی قسم کی پریشانی کا باعث ہو ۔ (قرآن پبلشرز ایسوسی ایشن آف پاکستان )

ای پیپر دی نیشن