12 ماہ میں ایمیزون میں جنگلات کی کٹائی میں 22 فیصد اضافہ

 برازیل کے ایمیزون جنگلات کی کٹائی میں ایک سال کے دوران تقریبا 22 فیصد اضافہ ہوا ہے، جو کہ 15 سال کی بلند ترین سطح ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق جنگلات کی کٹائی کے حوالے سے گزشتہ دنوں جاری کیے گئے اعدادوشمار کے بعد جیر بولسونارو کی حکومت کے ان وعدوں پر سوال کیے جارہے ہیں جس میں انہوں نے جنگلات کے تحفظ کے لیے موثر اقدامات کے وعدوں کیے تھے۔برازیل کے قومی خلائی تحقیقی ادارے (اےاین پی ای)کے ایک اندازے کے مطابق اگست 2020 سے جولائی 2021 کے دوران 13 ہزار235 مربع کلومیٹر جنگلات کو ختم کردیا گیا اس سے قبل جب سے2005-06میں 14 ہزار 286 مربع کلومیٹر کو صاف کردیا گیا تھا۔حکومت کے تحت یہ لگاتار تیسری مرتبہ ہے کہ ایمیزون کے جنگلات کی کٹائی میں اضافہ ہوا ہے جبکہ حزب اختلاف حکومت پر الزامات عائد کرتی ہے کہ حکومتی عہدیدار کاشتکاری اور کان کنی کی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں جس کے باعث جنگلات کی کٹائی تیزی سے جاری ہے۔وزیر ماحولیات جواکن لیئچی نے اعتراف کیا کہ اعداد و شمار ایک چیلنج کی مانند ہیں اور انہوں نے ماحولیاتی جرائم کے خلاف زیادہ موثر اقدامات کے عزم کا اظہار کیا۔انہوں نے زور دیا کیا کہ اعداد و شمار گزشتہ چند مہینوں کی صورتحال کی قطعی عکاسی نہیں کرتے۔دوسری جانب گزشتہ ہفتے آئی این پی ای نے کہا تھا کہ اکتوبر میں جنگلات کی ریکارڈ کٹائی ہوئی، جس میں ریو ڈی جنیرو شہر کے نصف سے زیادہ رقبے کو صاف کیا گیا ہے۔حکومت کا کہنا تھا کہ مزید فوجیوں کو تعینات کر کے جنگلات کی غیر قانونی کٹائی سے نمٹنے کے لیے کوششیں تیز کردی گئی ہیں۔وزیر انصاف اور عوامی تحفظ اینڈرسن ٹوریس نے کہا وہ لوگوں جو اب بھی ماحولیاتی جرائم میں ملوث ہیں ہم انہیں خبردار کرتے ہیں کہ برازیل کی ریاست پوری طاقت کے ساتھ ایمیزون میں داخل ہو جائے گی۔یاد رہے برازیل گلاسگو کوپ 26 کی سربراہی اجلاس میں 2030 تک جنگلات کی کٹائی کو ختم کرنے کے بین الاقوامی عہد پر دستخط کرنے والوں میں بھی شامل تھا۔جیر بولسونارو نے 2028 تک جنوبی امریکا جیسے بڑے ملک جس میں ایمیزون کا 60 فیصد حصہ ہے میں جنگلات کی غیر قانونی کٹائی کو ختم کرنے کا وعدہ کرتے ہوئے ہدف کو دو سال تک آگے بڑھایا۔انتہائی دائیں بازو کے صدر جنوری 2019 میں ماحولیات مخالف ایک مضبوط پیغام کے ساتھ اقتدار میں آئے تھے اور ان پر این جی اوز، مقامی گروپس اور سیاسی اپوزیشن نے ماحولیاتی تحفظ کو کمزور کرنے کا الزام لگایا ہے۔اے این پی ای کے مطابق، اگست 2018 اور جولائی 2019 کے درمیان، ایمیزون کا 10 ہزار129 مربع کلومیٹر کو صاف کیا گیا، جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 34 فیصد زیادہ ہے۔اگلے مرحلے سال 2019 اور 2020 کے دوران 10 ہزار 851 مربع کلو میٹر علاقے میں جنگلات کی کٹائی کی گئی جو 7 فیصد اضافی تھا، ایمیزون کے جنگلات میں آتشزدگی کے باوجود کان کنوں ، غیر قانونی درخت لگانے والوں اور کھیتی باڑی کرنے والے کے خلاف مہنگے فوجی آپریشن بھی کیے گئے۔

ای پیپر دی نیشن