یمن میں آئینی حکومت کے حامی عرب اتحاد کے مطابق حوثی ملیشیا کی جانب سے ایک ہفتے کے اندر 14 سمندری بارودی سرنگیں بچھانا سنگین جارحیت ہے۔ عر ب میڈیا کے مطابق جاری بیان میں اتحاد نے واضح کیا کہ ان کی متعلقہ فورسز کی کوششوں سے 220 سمندری باردوی سرنگیں تلف کی جا چکی ہیں۔ یہ سرنگیں تجارتی بحری جہازوں اور تیل بردار جہازوں کے لیے خطرہ تھیں۔ سمندری بارودی سرنگیں بحر احمر کے جنوب میں اور آبنائے باب المندب میں عالمی جہاز رانی اور تجارت کے لیے بڑا خطرہ ہیں۔حوثی ملیشیا کی جانب سے 2014 کے اواخر میں آئینی حکومت کا تختہ الٹے جانے کے بعد سے ان ایران نواز باغیوں کی طرف سے زمینی اور سمندری بارودی سرنگیں بچھانے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس کے نتیجے میں اب تک ہزاروں یمنی شہری جاں بحق اور زخمی ہو چکے ہیں۔دوسری جانب یمن میں بارودی سرنگوں کو ناکارہ بنانے کے حوالے سے سعودی عرب کے پروگرام "مسام" کی انجینئرنگ ٹیم کا کہنا ہے کہ اسے سرنگوں کے علاقوں میں تطہیر کے عمل میں بڑی دشوار کا سامنا ہے۔ اس لیے کہ حوثی ملیشیا نے ہزاروں بارودی سرنگیں اور دھماکا خیز مواد بنا کسی نقشے کے اندھا دھند طور پر نصب کیے۔مسام پروگرام کے مطابق حوثیوں نے یمن کے مختلف علاقوں میں بیس لاکھ کے قریب بارودی سرنگیں بچھائیں۔ ان میں مختلف حجم اور نوعیت کی زمینی اور سمندری باوردی سرنگیں شامل ہیں.
ایک ہفتے میں 14 سمندری بارودی سرنگیں حوثیوں کی سنگین جارحیت ہے: عرب اتحاد
Nov 20, 2021 | 15:51