جنرل باجوہ نے سعودی عرب میں تبلیغی جماعت پر پابندی ختم کراکر دینی خدمت انجام دی : پرویز الٰہی 

Nov 20, 2022

لاہور (نیوز رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے تبلیغی جماعت پر سعودی عرب میں عائد پابندی ختم کرا کر بہت بڑی دینی خدمت سرانجام دی۔ تبلیغی جماعت پر پابندی عائد ہونے کے بعد میں نے جنرل قمر جاوید باجوہ سے سعودی عرب کے شاہ ولی عہد سے بات کرنے کی استدعا کی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے میری استدعا پر سعودی  ولی عہد سے تبلیغی جماعت پر پابندی ہٹانے کی درخواست کی جو مان لی گئی۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کی دینی خدمات پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور کرتے رہیں گے۔ جنرل قمر جاوید باجوہ کو تبلیغی جماعت پر سعودی عرب میں پابندی ہٹوانے پر ہمیشہ اجر پہنچتا رہے گا۔ رائے ونڈ روڈ پر تین رابطہ سڑکوں کا افتتاح  کرنے کے بعد پاجیاں چوک پر تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ طلبہ کو ترجمہ اور ناظرہ قرآن مجید کے فیصلے کا اجراء عمران خان اور ساری پی ٹی آئی کو ملے گا۔ جو کام ہم نے کیا ہے وہ رہتی دنیا تک یاد رہے گا۔ جب سے پاکستان بنا ہے یہ کام نہیں ہوا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ تبلغی جماعت دنیا بھر کے مسلمانوں کا چہرہ ہے۔ وزیراعلیٰ نے رائے ونڈ کیلئے تین سڑکوں کی تعمیر و توسیع کے منصوبے کا افتتاح کرتے ہوئے افتتاحی تختی کی نقاب کشائی اور دعائے خیر کی۔ ایم پی اے حافظ عمار یاسر نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نکاح نامے میں ختم نبوت کا حلف نامہ شامل کرنا چودھری پرویزالٰہی کا زندہ جاوید کارنامہ ہے۔ جماعت کی مرکزی شوریٰ کے رکن امتیاز احمد غنی‘ میاں احسن‘ ڈاکٹر ندیم اشرف‘ چودھری راسخ الٰہی اور ایم پی اے حافظ عمار یاسر‘ ایم این اے ملک کرامت علی کھوکھر‘ ارکان صوبائی اسمبلی ملک ندیم عباس‘ شبیر احمد‘ سرفراز حسین‘ ملک ظہیر عباس‘ سابق ایم پی اے عبدالرشید بھٹی‘ ٹکٹ ہولڈر احمر بھٹی اور دیگر نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں پنجاب اوورسیز پاکستانیز کمشن کا اجلاس منعقد ہوا۔ پنجاب کے 26 اضلاع کیلئے ڈسٹرکٹ اوورسیز  کمیٹی کے چیئرمین اور 7 کوآرڈینیٹرز ٹو اوورسیز پاکستانی کمشن کا تقرر کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اوورسیز ڈسٹرکٹ چیئرمین اور کوآرڈینیٹرز کو تقررنامے دیئے۔ وزیراعلیٰ نے او پی سی کے 47 ملازمین کو ریگولر کرنے کی منظوری دی۔ اجلاس میں ہر ڈویژن  میں اوورسیز کلب کے قیام کی تجویز سے اتفاق کیا گیا اور کہا گیا کہ اوورسیز پاکستانیز متعلقہ ڈویژن میں خود اوورسیز کلب تعمیر کرائیں گے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی بھائیوں کی معاونت کیلئے اوورسیز پاکستانیز ایکٹ 2021ء بھی پاس کرایا گیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے معروف کامیڈین طارق ٹیڈی کے انتقال پر اظہارافسوس کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے طارق ٹیڈی کے اہل خانہ کیلئے 30 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا اور کہا کہ طارق ٹیڈی مرحوم کے اہل خانہ کو مشکل گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ طارق ٹیڈی نے بطور کامیڈین لاکھوں لوگوں کو محظوظ کرکے فن کی خدمات سرانجام دیں۔

مزیدخبریں