لاہور ( نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر پارلیمانی امور، تحفظ ماحول و کوآپریٹوز محمد بشارت راجہ کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی لا اینڈ آرڈر کا اجلاس سول سیکرٹریٹ میں ہوا۔ صوبائی وزیر آبپاشی کرنل (ر) ہاشم ڈوگر اور وزیر ٹرانسپورٹ منیب سلطان چیمہ نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے دوران کابینہ کمیٹی نے لانگ مارچ کی راولپنڈی آمد اور اسلام آباد میں داخلے کے معاملات پر غور کیا۔ یہ فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد کی حدود سے گزرنے کیلئے متعلقہ انتظامیہ سے بات کی جائے گی۔ چیئرمین کمیٹی محمد بشارت راجہ نے کہا کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی طرف سے اعلان کے بعد اگلی حکمت عملی کا تعین کریں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ کسی بھی جگہ ٹریفک مکمل بند نہ کی جائے، متبادل راستہ لازمی طور پر فراہم کیا جائے۔ انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا کہ لانگ مارچ کی لمحہ بہ لمحہ مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔
اس موقع پر صوبائی وزیر کرنل (ر) ہاشم ڈوگر نے ہدایت کی کہ شام کے وقت جلسہ ہونے کی صورت میں لائٹنگ کا لازمی انتظام کیا جائے۔