اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) سیکرٹری جنرل کی تعیناتی التواء کا شکار ہے جبکہ وزارت خا رجہ بیشتر مر تبہ سٹاف کی کمی کا بھی راگ الاپ چکی ہے۔ دفتر خارجہ کے سینئر افسر اسد مجید خان نے امریکہ میں 11 جنوری 2022ء کو اپنی تین سالہ مدت پوری کی اور اب برسلز میں پاکستان کے سفیر ہیں۔ سائفر سکینڈل میں نام آنے کے باعث سیکرٹری خارجہ کی دوڑ سے باہر ہو گئے ہیں۔ سیکرٹری خارجہ کے عہدے پر باضابطہ سیکرٹری خارجہ کی تعیناتی گزشتہ ایک ماہ سے زائد وقت سے التواء کا شکار ہے۔ نئے سیکرٹری خارجہ کی تعیناتی کے لیے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور وزیر اعظم کے درمیان ملاقات ہو نا تھی جو ابھی تک نہیں ہو سکی ۔سینئر آفیسرجوہر سلیم کو گزشتہ ایک ماہ سے زائد وقت سے قائم مقام سیکرٹری خارجہ کا چارج دیا گیا۔ ترکی میں تعینات پاکستانی سفیر سائرس سجاد قاضی کو نیا سیکریٹری خارجہ لگانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ وہ اس وقت سنیارٹی میں دوسرے نمبر پر ہیں۔ ترکی میں ان کی جگہ جنید یوسف کو نیا سفیر لگایا جا رہا ہے۔ تیسرے سینئر آفیسر چین میں پاکستانی سفیر معین الحق ہیں جو سیکرٹری خارجہ بننے کے لئے موزوں ہیں۔ اب وزیر اعظم ان افسران میں سے سیکرٹری خارجہ تعینات کریں گے۔
ترکی میں سفیر سائرس سجاد قاضی نیا سیکرٹری خارجہ لگانے پر غور
Nov 20, 2022