لاہور (کامرس رپورٹر) عمران خان کی کال پر خواتین سر پر کفن باندھ کر میدان میں آئیں گی۔ مریم کی کنیزیں توشہ خانہ کیس پر محض پراپیگنڈہ کر رہی ہیں۔ خان پر ایک گھڑی خرید کر بیچنے کا الزام ہے جبکہ یہ لوگ سارا ملک کھا چکے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ترجمان وزیر اعلیٰ و حکومت پنجاب مسرت جمشید چیمہ نے صوبائی وزیر خزانہ محسن لغاری کے ہمراہ ڈی جی پی آر میں مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ ترجمان پنجاب حکومت کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف نے ملک کیلئے حقیقی آزادی، جمہوریت اور آئین کی بالادستی کا عزم کر رکھا ہے۔ سیاسی قدم یا لانگ مارچ اسی لئے ہے کہ معیشت تباہ ہوچکی ہے۔ اس لئے لوگ سڑکوں پر ہیں۔ مسرت جمشید چیمہ نے (ن) لیگی رہنما عظمی بخاری کی پریس کانفرنس پر اپنے ردعمل میں کہا عمران خان کی حکومت کا کوئی کرپشن سکینڈل نہیں ہے۔ عمران خان نے توشہ خانہ سے گھڑی لے کر کوئی غیر قانونی کام نہیں کیا۔ نواز شریف نے توشہ خانہ سے گاڑیاں ہتھیا لیں۔