ملتان‘ مظفرگڑھ‘ کوٹ ادو‘ لیہ‘ منڈا چوک‘ چوک اعظم‘ علی پور (سماجی رپورٹر‘ نمائندوں سے) 7ویں تھل جیپ ریلی کے تیسرے روز سٹاک کیٹگری کے مقابلوں کا انعقاد ہوا۔ جس میں 70 گاڑیوں نے حصہ لیا۔ سٹاک کیٹگری کی گاڑیوں کے مقابلے میں خواتین کی 4 گاڑیاں شامل تھیں۔ سٹاک کیٹگری میں انجن کی طاقت کے لحاظ سے چار سب کیٹگری بنائی گئی تھیں۔ سٹاک کیٹگری گاڑیوں کے مقابلوں کا افتتاح ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) سمیع اللہ فاروق نے کیا۔ اس موقع پر ممبر قومی اسمبلی شبیر علی قریشی اور ڈی پی او احمد نواز بھی ان کے ہمراہ تھے۔ساتویں تھل جیپ ریلی کا سٹاک کیٹیگری راؤنڈ مکمل،سٹاک راؤنڈ کی اے کیٹیگری میں ذوہیب حسن 2 گھنٹے 23 منٹ 13 سیکنڈ میں فاصلہ طے کرکے پہلے نمبر پر رہے،اے کیٹیگری میں میر نواز دشتی دوسرے اور علی مگسی تیسرے نمبر پر رہے، سٹاک راؤنڈ کی بی کیٹیگری میں سلطان بہادر 2 گھنٹے 26 منٹ 10 سیکنڈ میں فاصلہ طے کرکے پہلے نمبر پر رہے، بی کیٹیگری میں بسمل دوسرے اور عمر تیسرے نمبر پر رہے،سٹاک کی سی کیٹیگری میں فلک 2 گھنٹے 38 منٹ 30 سیکنڈ میں فاصلہ طے کرکے پہلے نمبر پر رہے،سی کیٹیگری میں راشد دوسرے اور جہانزیب عمرانی تیسرے نمبر پر رہے، سٹاک کی ڈی کیٹیگری میں جمیل 2 گھنٹے 39 منٹ 20 سیکنڈ میں فاصلہ طے کرکے پہلے نمبر پر رہے،ڈی کیٹیگری میں حسنین نے دوسری اور اسامہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی،سٹاک وومن کیٹیگری میں رباب نے ایک گھنٹہ 30 منٹ میں فاصلہ طے کرکے پہلی پوزیشن حاصل کر لی،ریسکیو زرائع کے مطابق سٹاک کیٹیگری کے مقابلوں کے دوران 2 گاڑیاں حادثہ کی شکار ہو گئیں، فنشنگ پوائنٹ سے کچھ پہلے ریسر ٹیپو گرمانی کی گاڑی نمبر 609 الٹ گئی جس کے نتیجے میں ڈرائیور معمولی زخمی ہوا، ریسکیو ٹیم نے ڈرائیور ٹیپو گرمانی کو طبی امداد دے کر ان کی گاڑی سیدھی کر کے ٹریک پر ڈال دی،وزیر والا پوائنٹ پر ریسر ایاز سومرو کی گاڑی نمبر 811 کا ٹائر پھٹ گیا،ریسکیو ٹیم نے فوری طور پر ٹائر تبدیل کر کے گاڑی ٹریک پر ڈال دی، نیزہ بازی کے مقابلے بھی ہویے جن میں جنوبی پنجاب کے 14 اضلاع سے آئے ہوئے گھڑ سواروں نے اپنی مہارت کا مظاہرہ کیا اور شائقین نے گاڑیوں کی دوڑ کے ساتھ نیزہ بازی کے مقابلوں سے بھی لطف اندوز ہوئے۔ تھل جیپ ریلی کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کی طرف سے مقامی کھیلوں کو فروغ دینے کے لیے چھانگا مانگا ٹیلے پر کبڈی میچ کا بھی اہتمام کیا گیا ہے،ملتان اور مظفر گڑھ کے ٹیموں کے مابین کبڈی کا میچ کھیلا گیا۔جو مظفرگڑھ کی ٹیم نے 28 پوائنٹ کے مقابلے میں 30 پوائنٹ سے میچ جیت لیا۔ کبڈی ٹیم کا فائنل آج مظفرگڑھ اور ساہیوال کی ٹیم کے مابین کھیلا جائے گا۔
تھل جیب ریلی، سٹاک کیٹگری میں 70گا ڑیوں کی شرکت ، 2کو حا دثات
Nov 20, 2022