روایتی دست کاریاں پسماندہ طبقات خواتین کوبااختیاربناتی ہیں، بیگم ثمینہ علوی 


اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)خاتون اول بیگم ثمینہ علوی نے کہاہے کہ روایتی دست کاریاں پسماندہ طبقات کی خواتین کوبااختیاربنانے میں کلیدی کرداراداکرسکتی ہے۔ یہ بات انہوں نے  یہاں پاکستان کے شاندار ثقافتی ورثے کے تحفظ ، فروغ د ینے اور ملک کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والی خواتین دستکاروں وہنرمندوں کومعاونت فراہم کرنے کے مرکز کے افتتاح کے موقع پرکہی ۔خاتون اول ثمینہ علوی نے فنون اور دستکاری کے ملکی ورثے کے تحفظ اور فروغ میں مصروف عمل غیر منافع بخش تنظیم انڈس ہیریٹیج ٹرسٹ کے نئے دفتر کا افتتاح کیا ۔ انڈس ہیریٹیج کے اس سہولت مرکز میں خواتین کی تیار کردہ مختلف مصنوعات شرٹس، جیکٹس، شالیں، زیورات، بیگز ، گھریلو سامان بشمول کڑھائی والے کشن، چٹائیاں اور چائے کی کوزیز کی نمائش کی گئی تھی۔ثمینہ علوی نے نئے دفتر کا دورہ کیا اور خواتین ہنرمندوں کی مہارت کو سراہا۔انہوں نے کہاکہ اس طرح کی سہولیات کے قیام سے بالخصوص پسماندہ طبقات میں رہنے والی خواتین کو مالی طور پر بااختیار بنانے میں مدد ملے گی۔خاتون اول کوبتایاگیا کہ تنظیم کے تحت سندھ، پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں تقریبا 5,000 خواتین دستکاروں اورہنرمندوں کومعاونت فراہم کی جارہی ہے، تنظیم خواتین کاریگروں کی مہارتوں کو بڑھانے کے لیے کام کر رہا ہے تاکہ وہ اعلی معیار کی دستکاری سے بنی مصنوعات تیار کر سکیں اور دیہی علاقوں کی خواتین کے لیے ایک پائیدار مستقبل تخلیق کر سکیں۔خاتون اول نے اس موقع پر کیک بھی کاٹا اور تنظیم کی جانب سے مزید خواتین تک اپنی رسائی بڑھانے کی خواہش ظاہرکی ۔کاروبار اور سفارتی حلقوں سمیت زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی خواتین نے تقریب میں شرکت کی اور ہاتھ سے تیار کردہ مصنوعات میں گہری دلچسپی لی۔اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے تنظیم کی چیئرپرسن صدیقہ سعید ملک نے کہا کہ ٹرسٹ خواتین کو بااختیار اور ہنر مند بنانے کے لیے خدمات سر انجام دے رہا ہے۔انہوں نے اس مقصد کی حمایت اورمعاونت فراہم کرنے پر خاتون اول ثمینہ علوی کی لگن کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ2010 اور2022 میں آنیوالے سیلاب اوردیگرآفات کے موقع پر انڈس ہیریٹیج متاثرہ خواتین کو کاروبار کے مواقع کی فراہمی میں مدد فرا ہم کرتی چلی آرہی ہے ۔

ای پیپر دی نیشن