اسلام آباد ( خبرنگار ) آئین کی بالا دستی اور جمہوریت کے تسلسل سے ہی پاکستان ترقی کر سکتا ہے اسلئے پاکستان میں ہمیشہ صحافیوں ، وکلا اور سول سوسائٹی نے باہمی اتحاد کے ذریعے آئین اور جمہوریت کی حفاظت کا فریضہ سرانجام دیا ہے، چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی جانب سے فوج کو ملکی سیاست سے دور رکھنے کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے امید رکھتے ہیں کہ اس اعلان پر عملدرآمد کیا جائے گا جس سے فوج کا وقار بلند اور ملکی استحکام مضبوط ہو گا ان خیالات کا اظہار صحافیوں ، وکلا اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے پی ایف یو جے کے زیر اہتمام نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں 'آئین، جمہوریت اور پاکستان' کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ نے اس موقع پر کہا کہ ہماری کچھ سیاسی جماعتوں نے ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے میثاق جمہوریت کیا جس کے نتیجہ میں اسمبلیاں اپنی مدت پوری کر رہی ہیں، اگر میثاق جمہوریت پر مکمل عملدرآمد کیا جاتا تو نتائج مزید بہتر ہو سکتے تھے۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر شعیب شاہین ایڈووکیٹ نے کہا کہ موجود حالات کا تقاضا ہے کہ پی ایف یو جے جیسی آئینی بالا دستی کے محافظ تنظیمیں سامنے آکر ہر اس کوشش کا راستہ روکیں جس جمہوری نظام کو خطرات لاحق ہوں۔ انہوںنے کہا پاکستان میں آزادی اظہار رائے کے بغیر بنیادی انسانی حقوق کا حصول ممکن نہیں اور سخت ترین حالات میں بھی قلم کے ذریعے عوام کے حق کیلئے کوشاں رہنے والی صحافی برادری کی جد وجہد قابل تحسین ہے ۔ پاکستان انسٹیٹیوٹ آف پارلیمنٹری سروسز کے سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر ظفر اللہ خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ جمہوریت کی روح کے مطابق سیاسی ماحول وہی ہے جس میں سیاسی جماعتیں مکالمہ ہر مسئلہ کا حل رہتا ہے۔ پارلیمنٹری کمیشن آف ہیومن رائٹس کے ڈائریکٹر چوہدری شفیق نے کہا کہ ملک کے موجودہ حالات میں جب ان خطرات پر بات نہیں ہو رہی جو ان حالات میں تھوڑی سے خرابی کے بعد پیدا ہوں گے سابق سیکریٹری جنرل پی ایف یو جے ناصر زیدی نے اپنے خطاب میں کہا کہ سیاسی جماعتوں کی آپسی مکالمے کی بجائے مداخلت کو قبول کرنے کے رجحان نے آج ملک کو ایسے مقام پر لا کھڑا کیا ہے اور سیاسی پولرائزیشن اس عروج پر جس کی پہلے مثال نہیں ملتی۔ سیمینار سے خطاب میں صدر پریس کلب انور رضا نے کہا کہ پاکستان میں سیاسی جماعتوں کی کمزوریاں جمہوریت کی کمزوری کا باعث بنیں پی ایف یو جے کی سابق سیکریٹری جنرل فوزیہ شاہد نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملک میں جمہوریت کو بیتوقیر کرنے کا سلسلہ جاری ہے سماجی تنظیم یونائیٹڈ گلوبل آرگنائزیشن آف ڈویلپمنٹ اشتیاق الحسن گیلانی نے خطاب میں کہا کہ پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کا سفر سفر قیام پاکستان کے بعد سے جاری ہے، مگر اس خواب کی تعبیر اسی صورت ممکن ہے جب اس سفر میں آنے والی رکاوٹوں کو یکجہتی سے ختم کیا جائے۔ سماجی تنظیم یونائیٹڈ گلوبل آرگنائزیشن آف ڈویلپمنٹ اشتیاق الحسن گیلانی نے خطاب میں کہا کہ پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کا سفر سفر قیام پاکستان کے بعد سے جاری ہے، مگر اس خواب کی تعبیر اسی صورت ممکن ہے۔
جمہوریت کے تسلسل سے ہی پاکستان ترقی کر سکتا ہے،وکلائ، صحافتی حلقے
Nov 20, 2022