بلدیا تی الیکشن  سے متعلق غیر یقینی کیفیت ، الیکشن کمشن اپنی پو زیشن واضح کرے 


مظفرآباد/دھیرکوٹ(نمائندہ خصوصی) آل جموں وکشمیرمسلم کانفرنس کے قائد وسابق وزیراعظم سردارعتیق احمدخان نے کہا ہے کہ مسلم کانفرنس آزادکشمیر میںہر حال میں انتخابات کا بروقت انعقاد چاہتی ہے۔ بلدیاتی الیکشن ملتوی کرنا انتہائی زیادتی اور آزاد کشمیر کے لوگوں کے بنیادی حقوق غصب کرنے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں پی ڈی ایم کی حکومت اور آزاد کشمیر میں پی ڈی ایم میں شامل جماعتیں الیکشن کا راستہ روکنا چاہتی ہیں۔ انتخابات کا التوا ء حکومت پاکستان کے خلاف شدید ردعمل کا باعث بن سکتا ہے۔مرکزی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بلدیاتی الیکشن کے بروقت انعقاد کے لئے سیکورٹی فراہم کرے۔ان خیالات کااظہار قائدمسلم کانفرنس سردارعتیق احمدخان نے حلقہ انتخاب میں مختلف کارنرمیٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن ہزاروں بلدیاتی امیدواروں کو اندھیرے میں رکھنے کے بجائے اپنی پوزیشن واضح کرے۔بلدیاتی الیکشن کے ہزاروں امیدواروں کے اربوں روپے خرچ کروانے کے بعد لگتا ہے الیکشن کمیشن فرار کا راستہ ڈھونڈ رہا ہے۔امن کمیٹیوں کے قیام کا فیصلہ اپنی ناکامی کا اعتراف ہے۔امن و امان کا قیام عوام کی نہیں حکومت کی ذمہ داری ہے۔ امن کمیٹیوں کا تصور ناقابل عمل منصوبہ ہے۔ آخری مرحلے میں الیکشن کے متعلق غیر یقینی کیفیت پیدا کرنا شدید عوامی ردعمل اور غیظ غضب  اور ردعمل کا باعث بن سکتا ہے۔انہوں نے کے کہا کہ مسلم کانفرنس شروع دن سے ہی بلدیاتی الیکشن کے حق میں ہے ہم نے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے حکومت کے فیصلے کی تائید کی ۔آزادکشمیر میں32سال بعد بلدیاتی انتخابا ت ہونے جارہے ہیں جس سے ریاست میں تعمیروترقی کا آغاز ہوگا اور اقتدار نچلی سطح پرمنتقل ہوگا۔ ان شاء اللہ مسلم کانفرنس بلدیاتی الیکشن میں بہترین نتائج دیگی۔

ای پیپر دی نیشن