پیانگ یانگ‘ واشنگٹن‘ تہران (آئی این پی‘ این این آئی) شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے کہا ان کی جانب سے دھمکیوں کا جواب جوہری ہتھیاروں سے دیا جائے گا۔ دوسری طرف جنوبی کوریا کی حکومت نے کہا شمالی کوریا نے مشرق کی جانب بین البراعظمی بیلسٹک میزائل فائر کیا ہے۔ ایک امریکی اہلکار نے بتایا ہے کہ امریکہ پیانگ یانگ کو لگام ڈالنے کیلئے شمالی کوریا کے سب سے اہم اتحادی چین کی مدد لے گا۔ امریکہ نے چین سے رجوع کیا ہے۔ امریکی حکام نے کہا اگر ہم چین کو قائل کر لیتے ہیں تو یقینی طورپر ہماری سفارتکاری کا کامیاب حصہ ہوگا۔ امریکہ کے دفاعی ادارے پینٹاگون کو ان رپورٹس پر شک ہے کہ ایران نے ہائپر سونک میزائل تیار کر لئے ہیں۔ پریس سیکرٹری سبرینا سنگھ نے کہا کہ ہم نے بھی وہ رپورٹس دیکھی ہیں جن میں ایران کے ہائپر سونک میزائلوںکی تیاری کا انکشاف کیا گیا ہے‘ لیکن ہمیں اس بارے میں ابھی شبہات ہیں۔ پریس سیکرٹری نے کہا کہ ہم اس معاملے کی قریب سے مانیٹرنگ جاری رکھیں گے۔